اسرائیلی دہشت گردی، غزہ میں مزید سینکڑوں فلسطینی شہید

غزہ، تل ابیب، پیرس، لندن، نیویارک (مشرق نیوز) اسرائیلی فوج کے غزہ پروحشیانہ وار جاری،مزید سینکڑوں شہید،بمباری میں ممتاز فلسطینی سائنسدان بھی شہید ہو گئے،اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو شدت کیساتھ دوبارہ حملے کرنے کا حکم دیدیا جبکہ امریکی پارلیمنٹ میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کیا گیا دوسری جانب فرانسیسی صدرنے جنگی وقفے کےلئے قطر جانے کا اعلان کر دیا تفصیلات کے مطابق غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی کے دوران عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد گزشتہ2 روز میں اسرائیلی فوج نے 400 سے زائد حملے کرکے 700 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا،غزہ کی رہائشی عمارتیں جارحیت کا نشانہ بن گئیں ،بمباری سے غزہ شہر کو پانی پہنچانے والی مین سپلائی لائن بھی متاثرہوئی جبکہ صیہونی فورسز نے غزہ میں 2 دن کے اندر 450 سے زائد مقامات کو ٹارگٹ کیا،خان یونس، جبالیہ کیمپ اور النصر اسپتال کے اطرا ف میں بھی شدید بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں دو روز میں 700 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے، غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ممتاز فلسطینی سائنسدان سفیان طائیح بھی اپنے اہل خانہ سمیت شہید ہو گئے،ممتازسائنسدان کے گھر کو اسرائیلی طیاروں نے الفلوجہ میں بمباری کا نشانہ بنایا،فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے کے مطابق مقامی ذرائع کے مطابق جنگی طیاروں نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں 2 گھروں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 13 افراد شہید ہوگئے،غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 15 ہزار 207 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اب تک زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 40 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے، اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد میں 70 فیصد تعداد صرف بچوں اور خواتین کی ہے، اقوام متحدہ نے کہا ہے گزشتہ ایک دہائی سے غزہ کی پٹی بجلی کے مستقل خسارے کا شکار ہے جس نے وہاں حالات زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے ادھر حماس نے غزہ میں جنگ ختم ہونے تک اسرائیل سے قیدیوں کا تبادلہ روکنے کا اعلان کر دیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس کے نائب سربراہ نے کہاہے یرغمالیوں میں اب اسرائیلی فوجی اور وہ اسرائیلی مرد شامل ہیں جو اسرائیلی فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں،اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے حماس کے پاس اب بھی 15خواتین اور 2بچے ہیں، حماس نے معاہدے کی خلاف ورزی کی،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے صیہونی فوج کو غزہ پر پوری شدت سے دوبارہ حملے شروع کرنے کا حکم دےدیاہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انیتن یاہو نے اپنے خطاب میں کہا ہے حماس کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے دوبارہ جنگ شروع کررہے ہیں، تمام یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کے خاتمے تک لڑائی جاری رکھیں گے، ہم نے ڈیل تک پہنچنے کیلئے مذاکرات کے کئی دور کیے تاہم اب موساد کے مذاکرات کاروں کو قطر سے واپس بلالیا گیا ہے جبکہ امریکی کانگریس میں رکن اسمبلی رشیدہ طلیب نے فلسطینی کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے فلسطینی نوجوانوں کو چاہے اسرائیل میں قتل کیا جائے یا کوئی نسل پرست امریکہ میں کسی فلسطینی کو مار دے، دونوں یکساں جرم اور قابل مذمت ہیں،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کانگریس کی فلسطینی نژ اد رکن رشیدہ طلیب نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے ان کا روایتی رومال پہن رکھا تھا،رشیدہ طلیب خود بھی فلسطینی نژاد ہیں، انھوں نے اپنی تقریر میں امریکہ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں قتل کیے جانے والے 6 سالہ فلسطینی بچے اور فائرنگ کے واقعے میں3 فلسطینی طالب علموں کے زخمی ہونے پر شدید احتجاج کیا،امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے غزہ میں بہت زیادہ فلسطینی مارے جا رہے ہیں،اسرائیل فلسطینیوں کے تحفظ کےلئے مزید کوششیں کرے،فرانس کے صدر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں ایک اور وقفے کےلئے قطر جانے کا اعلان کیا ہے، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا ہے غزہ میں پائیدار جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کو غزہ سے رہائی دلوانے کےلئے کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے،برطانیہ نے طیاروں سے غزہ کی جاسوسی کا اعلان کر دیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی یر غمالیوں کو ڈھونڈنے کیلئے برطانیہ بھی میدان میں آگیا اور اس نے طیاروں سے جاسوسی کا اعلان کردیا،ایک بیان میں برطانوی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ برطانیہ طیاروں سے غزہ کی جاسوسی کرے گا۔