عمران خان ہی پارٹی چیئرمین رہیں گے: لطیف کھوسہ

راولپنڈی (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے عمران خان نے مائنس ون خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، جو چیئرمین ہیں وہی رہیں گے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی نے مائنس ون کی خبروں کی تردید کی ہے، انٹرا پارٹی الیکشن میں پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین امیدوار ہوں گے، پی ٹی آئی کے چیئرمین جو ہیں وہی رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ بات ہوئی جس میں انہوں نے دو ٹوک بات کی، شیر افضل مروت یا علی ظفر نے جو کہا ان کو شاید غلط فہمی ہوئی ہے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا خاور مانیکا کے بیان پر چیئرمین پی ٹی آئی کو تکلیف ہوئی کہ کوئی اتنا بھی گر سکتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کوئی اتنا جھوٹ بھی بول سکتا ہے، سیاست میں سب ہوتا ہے،کیسز بنا دیے جاتے ہیں لیکن کوئی اتنا گرسکتا ہے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا سابق وزیراعظم کی شادی کو 6 سال ہو گئے، خاور مانیکا کو2 ماہ پابند سلاسل رکھا گیا، جج کے سامنے بیان پر خاورمانیکا لکھا ہوا کاغذ پڑھ رہے تھے، انہیں لکھا ہوا کاغذ دیا گیا، خاورمانیکا کو 6 سال بعد یاد آگیا کہ یہ عدت میں شادی ہوئی ہے۔