لاہور (مشرق نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام دو تہائی اکثریت دے، انشا اللہ دہشت گردی کی طرح مہنگائی کی بھی کمر توڑ دیں گے۔ صدر مسلم لیگ (ن) سے پارٹی رہنماوں اور سابق ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ علی پرویز ملک، رانا قاسم نون، ڈاکٹر مظہر اقبال چودھری اور سلمان خان ملاقات کرنیوالوں میں شامل تھے۔
ملاقات میں تنظیمی اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر گفتگو ہوئی، شہباز شریف نے انتخابی تیاریوں کیلئے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ اتریں گے، اللہ تعالی کے فضل اور عوام کے اعتماد سے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پاکستان کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے اہم ہے، عوام ہمیں دوتہائی اکثریت دے دہشت گردی کی طرح مہنگائی کی کمر بھی توڑ دیں گے۔
عوام دو تہائی اکثریت دے انشااللہ مہنگائی کی کمر توڑ دیں گے: شہباز شریف



















