امیتابھ بچن نے بیٹی شویتا کو 50 کروڑ روپے کا بنگلہ تحفے میں دیدیا

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور اداکارہ جیا بچن نے اپنا پرتعیش بنگلہ بیٹی شویتا نندا کو بطور تحفہ دیدیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سپر سٹار امیتابھ بچن اور جیا بچن نے اپنی 49 سالہ بیٹی شویتا نندا بچن کو ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں واقع اپنے 3 میں سے 1 بنگلہ ’پرتیکشا‘ وصیت کر دیا۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وٹھل نگر کوآپریٹو ہاو¿سنگ سوسائٹی میں واقع پرتیکشا کی قیمت بھارتی مالیت میں تقریباً 50 کروڑ روپے ہے۔ سپرسٹار جوڑی کا یہ بنگلہ خاندانی گھروں میں سے پہلا ہے اور یہ 674 مربع میٹرز اور 890.47 مربع میٹرز کے 2 پلاٹوں پر مشتمل ہے۔1975میں ریلیز ہونے والی فلم ’شعلے‘ کی شاندار کامیابی کے بعد امیتابھ بچن اور جیا بچن نے جوہو کے علاقے میں پہلا بنگلہ ’پرتیکشا‘ خریدا تھا۔دونوں اداکار اپنے والد اور شاعر ہری ونش رائے بچن اور والدہ تیجی بچن کے ساتھ اپنے موجودہ گھر ”جلسہ“ میں منتقل ہونے سے قبل ابتدائی طور پر پرتیکشا میں رہائش پذیر رہے۔ ”پرتیکشا“ کا نام سپر سٹار کے والد و شاعر نے رکھا تھا اور ان کی چند نظموں میں بھی اس کا تذکرہ ہے۔شویتا بچن نندا ایک مصنفہ، کالم نگار، سابقہ ماڈل اور بزنس وومن ہیں، ان کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ناول ”پیراڈائز ٹاورز“ ہے۔