لاہور (خبر نگار)حکومتی اقدامات ،سمارٹ لاک ڈاﺅن بے سود،لاہور میں سموگ کاراج،قابو پانا خواب بن گیا،سمارٹ لاک ڈاون کے باوجود لاہور شہر کا مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس 356 ریکارڈ کیا گیا ۔
کمزور پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ہونے سے شہر میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی بھرمار کے باعث دھوئیں اور سموگ پر قابو پانا چیلنج بن گیا،شہر کی زہریلی فضا میں سانس لینا بھی محال ہوگیا۔
روزانہ ہزاروں مریض رپورٹ ہونے لگے ،حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی مضبوطی کیلئے کوئی قدم نہ اٹھایا، اہم ترین شاہراہوں پر ہرطرف چنگ چی ،آٹو رکشے نظر آتے ہیں،رات کو انتظامیہ ، ٹریفک پولیس کے اہلکار غائب رہتے ہیں، سڑکوں پر ٹریکٹر ٹرالیاں، ڈمپر ،ٹرک دھواں و گرد پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں، ایک لاکھ غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکشوں نے بھی سانس لینا مشکل بنا دیا، دھواں چھوڑتے ،سموگ بڑھاتے رکشوں کو بھی روکنے والا کوئی نہیں۔
شہر کے 48 روٹس پر 6 برس سے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں ، الیکٹرک بسیں چلانے کی خوشخبری بھی حکومت کا لالی پاپ ثابت ہوئی۔
ماہرین کے مطابق گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں کے دھوئیں کا سموگ میں 45 فیصد حصہ ہے، سڑکوں پر گاڑیوں کا بوجھ کم نہ کیا گیا تو شہر کی آب و ہوا مزید زہریلی ہوسکتی ہے،طبی ماہرین نے کہا بڑھتی فضائی آلودگی کے باعث ہزاروں کی تعداد میں مریض رپورٹ ہو رہے ہیں، سموگ کے دوران بچے ،بزرگ شہری خصوصی احتیاط برتیں، گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں،ادھر سموگ سے متاثرہ پنجاب کے 10اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاﺅن نافذ رہا،مال روڈ پر صرف سائیکل سواروں اور پیدل شہریوں کو آنے کی اجازت دی گئی۔
حکومتی اقدامات،سمارٹ لاک ڈاﺅن بے سود،لاہور میں سموگ پرقابو پانا خواب



















