ننکانہ میں سابق رکن اسمبلی بجلی چوری میں ملوث،24 گھنٹے میں مزید 21 افراد گرفتار، نادہندگان سے بھی وصولیاں

لاہور (خبرنگار)وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 363 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،361 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 234 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 21 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 3 زرعی، 11 کمرشل،انڈسٹریل2 اور 347 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 402,088یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت15,864,661روپے ہے۔74 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل 28481 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک13144ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور28128 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے27174درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک50,831,215 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2,069,014,694 ہے۔واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دوسری طرف چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ نادہندگان سے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔69 روز سے جاری مہم کے دوران41781 ڈیفالٹرز سے1ارب30کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔ دریں اثناءچیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن بھر میں انسداد بجلی چوری مہم بلا تفریق جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او سید والا حسان احمد کی زیر قیادت لیسکو ٹیم نے نواحی گاو¿ں کوٹھی شریف خان میں چیکنگ آپریشن کیا ، دوران چیکنگ سابق رکن پنجاب اسمبلی آغا علی حیدر بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ، آغا علی حیدر اور ان کے دو بھائی لیسکو کی لائٹ ٹرانسمیشن لائنز سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے ۔ ملزمان چوری کی بجلی گھر کو سپلائی کر رہے تھے ، لیسکو حکام کی جانب سے غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کے دوران ملزمان کی جانب سے شدید مزاحمت بھی کی گئی تاہم کنکشن منقطع کردیا گیا ، لیسکو حکام کی جانب سے 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ملزمان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کرادی گئی ہے ۔