لاہور ( خبر نگار ) لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث 21 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 363 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 361 بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 234 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 21 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنوں میں 3 زرعی، 11 کمرشل،انڈسٹریل2 اور 347 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے انکو 402,088 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 15,864,661 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے پھلروان کے علاقے میں قائم لیسکو سہولت مرکز کا دورہ کیا اور صارفین کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی اور مسائل کا فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ انجینئر شاہد حیدر نے مزید کہا کہ تمام افسران اور اہلکار صارفین کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔دریں اثناء ا یکسین امجد ناگرہ کے آرڈر دوبارہ میکلوڈ روڈ کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ ترجمان لیسکو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کے ایکسین امجد ناگرا کے آرڈر آج ایم اینڈ ایس میں کئے گئے تھے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ایکسین امجد ناگرا کے آرڈر کینسل کر کے ان کو دوبارہ میکلوڈ روڈ ڈویڑن تعینات کر دیا گیا۔
بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، مزید 21 افراد گرفتار، ڈی ٹیکشن بل چارج، نادہندگان سے وصولیاں


















