ہم سب کو ملکر شوگر کے مرض کی روک تھام کیلئے آگاہی پیدا کرنا ہوگی :گورنر پنجاب

وزیر آباد (تحصیل رپورٹر) عالمی ذیابیطس دن کی مناسبت سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے ملک بھر سے مایہ ناز ماہر ذیابیطس ڈاکٹرز کو گورنر پنجاب ہاوس مدعو کیا اور پنجاب میں شوگر کی روک تھام، اس سے بچاو اور علاج معالجہ کی نئی طبی تحقیقات پر سیمینار منعقدہوا اور آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ وزیرآباد سے میڈیکل سپیشلسٹ اور شوگر سپیشلسٹ ڈاکٹر نعمان رفیع راجپوت نے وزیرآباد شہر کی نمائندگی اور شوگر کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کی اور شرکاءمیں اپنی شوگر کی نئی کتاب ”100 مفید مشورے“ بھی تقسیم کی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذیابیطس سے بچاو کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، یہ موضوع بر وقت علاج اور مرض کے بارے میں صحیح معلومات اور ضروری دیکھ بھال تک رسائی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور ہم سب کو ملکر اس موذی مرض کی روک تھام کیلئے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنی ہوگی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نعمان رفیع راجپوت نے کہا کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی بڑھتی تعداد خطرے کی گھنٹی ہے، فوری طور پر ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے شوگر کے مریضوں کی تعداد کم ہو کیونکہ ہمارے نوجوانوں کی غذائی عادات اور طرز زندگی کو صحتمندانہ قرار نہیں دیا جا سکتا اور میں نے شوگر کے حوالے سے اپنی کتاب سو مفید مشورے تحریر کی ہے جس پر لوگ عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی میں خوشحالی برقرار رکھ سکتے ہیں ذیابیطس سے تحفظ اور بچاﺅ کے عالمی دن کے موقع پر مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، ملک میں بالغ افراد میں ذیابیطس کی شرح 26.7 فیصد سے زائد ہے جبکہ نوجوانوں میں اتنے ہی لوگوں کے شوگر کے مریض بننے کے خطرات موجود ہیں کیونکہ گزشتہ برسوں میں ہمارے یہاں موٹاپا تیزی سے بڑھا ہے، غذا میں چکنائی کا زیادہ استعمال، ورزش سے جی چرانے کی عادت اور معاشی دباو نے پاکستان میں اس مرض کو بڑھا دیا ہے ۔گورنر پنجاب ہاوس ائے ڈاکٹرز و شرکا میں اپنی کتاب سو مفید مشورے تقسیم کی جس کو لوگوں نے خوب سراہا اور ان کی بے لوث کاوش پر ان کی حوصلہ افزائی کی ۔