آئی ایم ایف پروگرام میں رہنا ضروری ،جنوری سے گیس مزید مہنگی ہوگی:وزیر خزانہ

کراچی(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہاہے آئی ایم ایف پروگرام میں رہنا ضروری ،جنوری سے گیس مزید مہنگی ہوگی،حکومتی اخراجات اور توانائی کی قیمت کم کرینگے۔

دی فیچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے تحت توانائی کی قیمت کم کی جائے گی،انہوں نے کہا سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 4 ارب سے بڑھ 7 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں، نگراں حکومت کا کام معیشت میں استحکام لانا اور آئی ایم ایف پروگرام پر عمل کرانا تھا،پروگرام پر عمل کے بعد آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کا پروگرام لینا ہے، پاکستان زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کررہا ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے، آئی ایم ایف سے سٹاف کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں مالیاتی نظم و نسق پر اتفاق ہوا ہے، حکومت کے اخراجات میں کمی کرنا اور توانائی کی قیمت کو کم کرنا ہے۔

نگراں وفاقی وزیر نے کہا آئی ایم ایف سے مزید 700 ملین کی فراہمی کا سٹاف لیول معاہدہ بھی ہوا ، توانائی شعبے میں بہتری اور اخراجات میں کمی کے حوالے سے پالیسی لارہے ہیں،سرمایہ کاری کے حصول اور مزید نوکریوں کی فراہمی کےلئے بھی کوششیں کررہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہو گی، پاکستان کے پاس خطے اور ایشیا میں ایک معاشی طاقت بن کر ابھرنے کی مکمل صلاحیت ہے۔

شمشاد اختر نے کہا نگراں حکومت ٹیکس حصول بہتر بنانے کےلئے کاوشیں کررہی ہے اس سلسلے میں ایف بی آر کے نظام میں بہتری کےلئے اقدامات کیے گئے ہیں، ٹیکس بیس کو بڑھانے کےلئے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نافذ کررہے ہیں جس سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہو گا، ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس چوروں اور نان فائلرز کی نشاندہی آسان ہوجائے گی

دریں اثنا نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نے جنوری 2024ءسے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ، آئی ایم ایف کو توانائی شعبے کے ٹیرف پر نظرثانی سے آگاہ کر دیا گیا،رئیل اسٹیٹ اور ریٹیلرز سمیت مختلف شعبوں پر اضافی ٹیکس لگانے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، ایف بی آر کے 9415 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کا حصول پہلی ترجیح ہے، اگر ٹیکس محاصل میں کوئی شارٹ فال ہوا تو پھر اضافی اقدامات کا سوچیں گے۔

شمشاد اختر نے کہاحکومت نے 1.5 ارب ڈالر کا انٹرنیشنل بانڈ کے اجراءکا فیصلہ موخر کر دیا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد ریٹنگ میں بہتری آئےگی اس کے بعد بانڈ جاری کرنے پر غور کیا جائے گا، مالی سال عالمی بینک سے 2 ارب ڈالر فنڈز ملنے کا امکان ہے، اے ڈی بی، اسلامی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر بینک سے بھی مجموعی طور پر 1 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، نگران وزیر خزانہ نے کہا پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے، مزید بہتری کیلئے بہت کام کی ضرورت ہے، پاکستان کا آئی ایم ایف کے پروگرام میں رہنا ضروری ہے، اس وقت 3 ارب ڈالر کے پروگرام کی تکمیل ترجیح ہے،ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا وقت ملا تو آئی ایم ایف سے نئے پروگرام پر بھی بات کی جائےگی، برآمدات میں اضافے اور مقامی وسائل پیدا کرنے تک آئی ایم ایف کے ساتھ رہنا ضروری ہے۔