مقبوضہ غزہ (مشرق نیوز) اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے غزہ کی پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورتحال اور ہر محاذ پر لڑنے کو تیار ہیں۔غیرملکی خبررساں ادسارے کے مطابق پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بڑے حملے اس وقت شروع کئے جا رہے ہیں اور آج رات اور آنے والے دنوں میں جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹی میں زمینی کارروائیاں کرنے والی اسرائیلی افواج نے اسے دو حصوں جنوبی اور شمالی غزہ میں تقسیم کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے راکٹ داغنے کے جواب میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج اس وقت غزہ شہر کا محاصرہ کر رہی ہیں اور شہر کے جنوبی ساحل تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج اب بھی شہریوں کو شمالی غزہ چھوڑ کر جنوب کی طرف جانے کی اجازت دے گی۔
غزہ پٹی دو حصوں میں تقسیم ، کسی بھی منظر نامے کیلئے تیار ہیں: اسرائیل

















