نیب ترامیم کیس ، فوجی افسران اور جج بھی قابل احتساب ہیں، جسٹس منصور کا اختلافی نوٹ

اسلام آباد (مشرق نیوز) نیب ترامیم کیس میں سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کا 15 ستمبر کے فیصلے سے اختلافی نوٹ جاری کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ کے نیب ترامیم فیصلے پر جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ 27 صفحات پر مشتمل ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ عدلیہ قانون سازی کا تب جائزہ لے سکتی ہے جب وہ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہو، قانون سازوں کا مفاد سامنے رکھ کر قانون سازی جانچنا پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔

جسٹس منصور نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ اختلاف رائے رکھنے والا ہجوم کی سمت میں نہیں، مستقبل کی سمت میں چلتا ہے، عدالتوں کو پاپولر سیاسی بیانیے پر نہیں چلنا ہوتا، عوامی جذبات کے خلاف جاکربھی عدالت کو آئین وقانون کے مطابق فیصلے دینا ہوتے ہیں۔

انہوں نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ اداروں کے درمیان توازن اسی صورت قائم رہ سکتا ہے جب احترام کا باہمی تعلق ہو، پارلیمانی نظام میں عدلیہ کو ایگزیکٹویا مقننہ کے مخالف کے طور پر نہیں دیکھا جاتا، عدلیہ کو اس وقت تک تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے جب تک آئینی حدود کی خلاف ورزی نہ ہو۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے نوٹ میں یہ بھی لکھا کہ درخواست گزار نیب ترامیم کو عوامی مفاد کے برعکس ثابت کرنے میں ناکام رہا، میں آئین کے آرٹیکل 8(2) کے پیش نظردرخواست کو میرٹس پر نہ ہونے پرخارج کرتا ہوں۔