لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویرکی زیرصدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران لاہور میں بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کے قیام پر پیش ر فت کا جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے لاہور میں ون ونڈو بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر بنایاجا رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب ماہ نومبر میں بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر پر ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کر دیاگیاہے۔ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ۔ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر میں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات ملیں گی۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ یہ سنٹر ایوان ہائے صنعت و تجارت اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنایا جا رہا ہے۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے کہاکہ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر صبح 9بجے سے شام 5بجے تک کام کریگا۔سنٹر پرکاروبار شروع کرنے اور نئے کارخانے لگانے کیلئے این او سی کے اجراءاور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات راشد کمال ، محکمہ ہاﺅسنگ، ایل ڈی اے، پی آئی ٹی بی، پیڈمک، فیڈمک، پیسک اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں ملیں گی:ایس ایم تنویر



















