پنجاب پولیس نوجوان نسل کیساتھ براہ راست رابطہ بڑھا رہی ہے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس میں انٹرن شپ کرنے والے طلبا و طالبات معاشرے میں پنجاب پولیس کے ایمبیسیڈر کا کردار ادا کریں گے،پولیسنگ سروسز بارے شہریوں کو آگاہی دیں گے، مشکلات کے شکار شہریوں کی پولیس تک رسائی میں وسیلہ بنیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ورکنگ سے مکمل آگاہی رکھنے والے یہ نوجوان پولیس اور شہریوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس نوجوان نسل بالخصوص طلبا و طالبات کے ساتھ براہ راست انسٹرکشن بڑھا رہی ہے، پولیس انٹرن شپ اور والنٹیرز ان پولیس کا دائرہ کار لاہور کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ پولیس اور پبلک کی مشترکہ کاوش سے کمیونٹی پولیسنگ میں سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی ہے،ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کے ورکنگ سسٹم کی اَپ گریڈیشن بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 31 دسمبر تک صوبے کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن کے طور پر اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسی طرح خدمت مراکز، ٹریفک لائسنسنگ کے دفاتر، پنجاب ہائی وے پٹرول لائسنس اجراءسسٹم اورپولیس خدمت وینز کو شہریوں کیلئے ہمہ وقت دستیاب رکھنے کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹس مکمل ہوجائیں گے جس سے جرائم کنٹرول اور ٹریفک مینجمنٹ سمیت دیگر امور میں خاطر خواہ بہتری آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس میں انٹرن شپ مکمل کرنے والے نوجوانوں کوسرٹیفیکیٹس دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءانسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کوکلئیر امپلانٹ سرجریز کے بعد سننے کے قابل ہونیو الے کم سن بچوں اور انکے والدین پولیس ملازمین سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور ان سے پوسٹ سرجری علاج بارے دریافت کیا۔ بچوں کے والدین نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کوکلئیر امپلانٹ سرجریز کے بعد ان کے جگر گوشے سننے کے قابل ہیں اور نارمل بچوں کی طرح زندگی گذار رہے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پولیس ویلفیئر فنڈ کو بالخصوص کانسٹیبلری اور انکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود پر خرچ کر چکے ہیں اور اب تک 13 پولیس ملازمین کے بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجریز کیلئے فنڈز جاری کر چکے ہیں، تین بچوں کی سرجریاں ہوچکیں جبکہ باقی کی آئندہ چند دنوں میں ہوجائیں گی۔