وزیرآباد(شیخ محمد علی )وزیرآباد کے علاقہ علی پور چٹھہ میں غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز نے قصائیوں کا روپ دھار لیا،غیر تربیت یافتہ ڈاکٹرز جگہ جگہ ہسپتال بنا کر عوام کو چیرنے پھاڑ نے لگے،پے درپے ڈیلیوری آپریشنز سے ہزاروں عورتیں اپاہج،عوامی سماجی حلقوں کا شدید احتجاج!!نگران صوبائی وزیر صحت سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ علی پور چٹھہ میں جگہ جگہ غیر تربیت یافتہ ڈاکٹرز نے بڑے بڑے ہسپتال بنا رکھے ہیں جن میں دن رات آپریشنز کرکے لاکھوں کی دیہاڑیاں لگا رہے ہیں۔ان ڈاکٹروں نے علاقہ بھر میں اپنی ایجنٹس بھرتی کررکھی ہیں جو گھر گھر جا کر انکی پبلسٹی کرتی ہیں اور عوام کو ان غیر رجسٹرڈ ہسپتالوں میں آنے کی ترغیب دیتی ہیں اور ہسپتال آنیوالے مریضوں کے نارمل کیسوں کو بھی زبردستی آپریشن میں تبدیل کردیا جاتا ہے کیونکہ ان ایجنٹس کو بھی کمیشن دینا ہوتی ہے اور اپنا بھی لاکھوں کا بل بنانا ہوتا ہے۔ان غیر تربیت یافتہ ہسپتالوں میں آئے روز کسی نہ کسی مریض کی اموات معمول کی بات ہے کیونکہ انکے پاس کسی قسم کی کوئی سہولت درکار نہیں ہے نہ ہی بیہوش کرنے والا ڈاکٹر موجود ہوتا ہے یہ نارمل ایم بی بی ایس ڈاکٹر دن رات دھڑا دھڑ آپریشنز کرتے جارہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔علاقہ بھر میں ایک ہی سرکاری ہسپتال ہے جہاں بھی ڈیلوری آپریشن نہیں کیے جاتے جس وجہ سے گوجرانولہ جانا پڑتا ہے جوکہ روڈ خراب ہونے کی وجہ سے ایک گھنٹے کا راستہ ڈھائی گھنٹہ میں طہ ہوتا ہے جس وجہ سے شہری مجبوراََ ان ہسپتالوں کے رحم وکرم پر ہی رہ جاتے ہیں جسکا وہ بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ان ہسپتالز والوں نے چند غنڈے بھی پال رکھے ہیں جو کسی بھی ناگہانی صورت حال میں انکا بھرپور دفاع کرتے ہیں اور الٹا مریض کے لواحقین پر تشدد کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتے۔ان ہسپتالوں میں موجود ڈاکٹرز کی پیسے کی حوس نے انہیں مجبور کررکھا ہے کہ یہ ڈیلوری آپریشنز کے ذریعے علاقہ کی ہزاروں خواتین کو اپاہج کر کے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں اگر خدا نخواستہ کسی کا کیس خراب ہو جائے تو یہ مریض کی فائنل تک غائب کردیتے ہیں جس وجہ سے لواحقین کے پاس کسی قسم کا کوئی ثبوت باقی نہیں رہتا جس وجہ سے اول تو کوئی قانونی کاروائی کرتا ہی نہیں اور اگر کوئی کر بھی لے تو ثبوت نہ ہونے کی بنا پر،رقم دے دلا کر معاملہ رفع دفع کردیا جاتا ہے۔پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کی جانب سے ان میں سے اکثر ہسپتالوں کو آپریشن کرنے سے سختی سے منع کرنے کے باوجود یہ دھڑلے سے چیر پھاڑ کررہے ہیں۔شہر کے عوامی سماجی حلقوں نے نگران صوبائی وزیر صحت سے سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ان ہسپتالوں کو سیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرآباد:پرائیویٹ ہسپتالوں کی بھرمار،سادہ لوح شہری لٹنے پر مجبور



















