ملک وقوم کو پھر بحرانوں سے نجات دلائیں گے،نوازشریف

لاہور،مری(اپنے رپورٹرسے،بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے استقبالیہ جلسے کو ناقابل فراموش اجتماع قرار دےدیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں نواز شریف نے کہاتاریخی استقبال و مینار پاکستان پر ناقابل فراموش اجتماع منعقد کرنے پر عوام، خاص طور پر لیگی رہنماوں اور ملک بھرسے تشریف لانے والے نوجوانوں، خواتین سمیت تمام محترم کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

قائد ن لیگ نے کہاآپ کی محبت، محنت اور خلوص قیمتی اثاثہ تھا، ہے اور رہے گا،آپ کے جذبے کے طفیل پاکستان اور عوام پھر سے بحرانوں سے نجات پائیں گے۔

دریں اثناسابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور سے مری چلے گئے،جاتی امراءرائے ونڈ سے روانگی کے موقع پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے گاڑی پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مری میں نواز شریف کی اہم ملاقاتیں متوقع ہےں ۔