غزہ میں قیامت صغریٰ،شہدا ء4300سے متجاوز،اسرائیل نے فوجی آپریشن کی دھمکی دےدی

تل ابیب،غزہ(مشرق نیوز)غزہ میں قیامت صغریٰ،اسرائیلی دہشتگرد ی میں شہدا کی تعداد4300سے متجاوز کرگئی،1500سے زائد بچے بھی شامل ہیں،بے گھر ہونےوالے فلسطینیوں کی تعداد 10 لاکھ تک جاپہنچی ۔

اسرائیلی فوج کی سینکڑوں فضائی کارروائیوں سے ہر طرف قیامت صغریٰ کامنظر ہے،ہسپتالوں میں بجلی غائب ہے ،ایندھن ختم ہونے پر جنریٹر بھی بند ہوگئے، ہسپتالوں کا عملہ موبائل فون ٹارچ کی روشنی میں آپریشن کرنے پر مجبور ہوگیا۔

خان یونس ہسپتال کے ڈاکٹر نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہسپتال میں کوئی آئی سی یو بیڈز موجود نہیں، مزید جانیں نہیں بچائی جا سکتیں،مزید بچوں، خواتین کو بغیر کسی طبی امداد کے موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے فوج کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھنے کی دھمکی دےدی،نتن یاہو نے کہا غزہ میں فتح حاصل ہونے تک لڑائی جاری رکھیں گے، یرغمالیوںکو واپس لیکر رہیں گے، ادھر اسرائیلی وزیردفاع یوو گیلنٹ نے کہا حماس کو شکست ہو جائےگی تو اسرائیل غزہ کی پٹی کے تحفظ یا کسی بھی دیگر چیز کا ذمہ دار نہیں رہے گا،،غزہ کےلئے نیا سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائےگا،اسرائیلی وزیردفاع نے کہاپہلے حماس کے انفرا سٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کریں گے پھربچے کھچے ٹھکانے ختم کرنے کےلئے فوجی آپریشن کیا جائےگا۔