سول سیکرٹریٹ، دھرنا دینے والے اساتذہ، سرکاری ملازمین پر پولیس کا دھاوا ،100 سے گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) سول سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کرنے والے 100 سے زائد اساتذہ و سرکاری ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔ اساتذہ پنشن قوانین اور سالانہ چھٹیوں کی نقد ادائیگی قوانین میں تبدیلی پر احتجاج کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت نے کہا ہے کہ پرامن ملازمین کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، پنجاب بھر میں اساتذہ تعلیمی بائیکاٹ اور تالہ بندی کا اعلان کرتے ہیں۔ رانا لیاقت کا کہنا ہے کہ گرفتار رہنماو¿ں کو فوری رہا کیا جائے، لیو انکیشمنٹ کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، ملازمین مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کا لائحہ عمل اور حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں۔دوسری طرف گرفتار مظاہرین کو مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔ دھرنے کے منتظمین رات بھر سے ہی غائب ہوگئے تھے جس پر پولیس نے نجی ہوٹل کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا، آج دیگر قیادت کو گرفتار کرنے کے بعد مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے جائیں گے جبکہ پولیس نے شرکا کے موبائل فون ڈیٹا سے بھی لوکیشن ٹریس کرنا شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جو ریڈار پر آئیگا اسے گرفتار کیا جائیگا، پولیس نے دھرنے میں شریک خواتین پر بھی ڈنڈے برسائے اور انہیں گرفتار کر لیا، اساتذہ سمیت گریڈ ایک سے گریڈ 18 تک کے ملازمین تا حال کس تھانے میں ہیں، کوئی معلوم نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے اعلیٰ پولیس افسران کے کہنے پر رات گئے آپریشن شروع کیا، لاہور کے متعدد تھانوں کی پولیس نے آپریشن میں حصہ لیا، 3 ایس پی دھرنے کے شرکا کیخلاف آپریشن کی صبح تک نگرانی کرتے رہے۔