سائفر کیس،ٹرائل کاباقاعدہ آغاز،عمران،قریشی پر فرد جرم کیلئے 17اکتوبر کی تاریخ مقرر

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سائفر کیس کے ٹرائل کا باقاعدہ آغاز،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی پرفرد جرم کیلئے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس پر سماعت کی، سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی ،وکیل صفائی سلمان صفدر بھی پیش ہوئے۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی اڈیالہ جیل پہنچے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے قانونی ٹیم کی جالیوں سے مختصر ملاقات کرائی گئی،ایف آئی اے کی ٹیم اور تفتیشی افسر نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا میں چالان کی نقول تقسیم کیں۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے کہا مقدمے کی مکمل نقول نہیں دے سکتے تاہم ضروری نقول فراہم کردیں،عدالت نے سرکاری گواہوں کی طلبی کے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی اور چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ دیتے ہوئے سماعت کو 17 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردیا۔

سائفر کیس کی سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاجج نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تلخ باتیں کرنے کی کوشش کی،جج کا سماعت میں اندازجھگڑالو تھا،دوطرفہ سماعت کے بعد ناخوش جملوں کا تبادلہ ہوا، شاہ محمود قریشی کے بارے میں کوئی حکم نامہ نہیں تھا، جج نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیے بغیر دستخط کا حکم دیا۔

شیر افضل مروت کے مطابق جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا آرڈر شیٹ پر دستخط کریں،اپنے آرڈر پر عمل کرانے کےلئے جج کبھی ناراض ہوئے، کبھی اٹھتے، کبھی بیٹھ جاتے،چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو پنجرہ نما جگہ پر پیش کیا گیا۔

دوسرے و کیل سلمان صفدر نے کہا عجلت میں کیس ٹرائل چلانے کی کوشش کی گئی،بند کمرے میں ٹرائل درست نہیں ،اوپن ٹرائل اور پروسیڈنگ ہونی چاہیے اور عوام کو آگاہ ہونا چاہیے،وکیل نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے کاپیاں لینے سے منع کر دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر مجھے زیادہ لگا،چیئرمین پی ٹی آئی نے احتجاج کیا میرے ساتھ عام قیدیوں کی طرح سلوک کیا جائے، سابق وزیراعظم نے احتجاج کیاایسا کمرہ دیا گیا جہاں رہنے کا مسئلہ ہے، جیل کے کمرے میں چہل قدمی و حرکت کرنا بھی مشکل ہے۔

دریں اثنا عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں واک کےلئے بیرک کی دیوار گرا کر باغیچے تک رسائی دینے کا حکم دےدیا،خصوصی عدالت کے جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بیرک کا دورہ کیا اورچیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں واک کےلئے اضافی جگہ فراہم کرنے کی استدعا منظور کرلی،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہادیوار ٹوٹنے سے باغیچے تک چیئرمین پی ٹی آئی کی رسائی ہو سکے گی،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیرک صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی، وکلا اور ذاتی معالج سے جیل میں ملاقات کی اجازت کےلئے انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی گئی،وکیل شیر افضل مروت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنگل بنچ کا 25 ستمبر کا حکم نامہ چیلنج کیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا اسلام آباد ہائی کورٹ نے 25 ستمبر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ منتقلی ،بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی، وکلا اور معالج سے ملاقات کی استدعا پر کوئی حکم جاری نہیں کیا،استدعا ہے سنگل بنچ کے 25 ستمبر کے حکم نامے میں ترمیم کرکے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔