لاہور(مرزا ندیم بیگ )سنٹرل جیل سمیت 2 جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹوربنانے کا تجربہ کامیاب رہا جس کے بعد تمام جیلوں میں پراجیکٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا اس کے علاوہ قیدیوں کےلئے 2 ڈاکٹر ز کا بھی اضافہ کر دیا گیا ہے،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے مشرق سے گفتگوکرتے ہوئے کہا یوٹیلیٹی سٹور کا پراجیکٹ پہلے 2جیلوں میں شروع کیا گیا جس کا اچھا رزلٹ آنے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ 10 اکتوبر تک پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹوروں کی تعمیر شروع کرا دی جائیگی اس کے ذریعے قیدیوں کو ضروریات زندگی کی تمام اشیاءسرکاری طورپر جو نرخ طے ہیں انہیں ریٹس پر دی جائیں گی ،حکومت کی طرف سے جو سبسڈی یوٹیلیٹی سٹور پر ایک عام شہری کو ملتی ہے اب جیلوں میں بند تمام قیدیوں اور حوالاتیوں کو بھی میسر ہو گی اس کے علاوہ جیلوں کے تمام ملازمین جن کی تنخواہ 40 ہزار سے کم ہے وہ بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
آئی جی جیل خانہ جات نے ایک مزید خوشخبری قیدیوں سے ملاقات کرنے کےلئے آنےوالے انکے دوست عزیزواقارب کےلئے بھی دی کہ جیلوں میں بننے والے یوٹیلیٹی سٹورز سے ضروریات زندگی کی تمام اشیاءخرید سکیں گے ۔
ستمبر میں وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے سنٹرل جیل لاہور کا دورہ کیا ہے اور یوٹیلیٹی سٹور کی محکمہ جیل میں قائم کردہ پہلی برانچ کا افتتاح کرکے محکمہ جیل کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا تھا ،اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی ہوم شکیل احمد میاں ، ایم ڈی یوٹیلٹیی سٹورز کارپوریشن پاکستان علی عامر ، ایڈیشنل سیکرٹری پرزن سید حسن رضا ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل لاہور ریجن نوید روف ، کمشنر لاہور علی رندھاوا ، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر ، جنرل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سردار اور زونل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن بھی موجود تھے،سردار جنرل منیجر آپریشنز یوٹیلیٹی سٹورز پاکستان نے معاہدے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام کی موجودگی میں دستخط کیے تھے اس کے ساتھ ہی ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں بھی نئے تعمیر شدہ یوٹیلیٹی سٹورز کو فعال کر دیا گیا۔
لاہور کی دونوں جیلوں میں کینٹین کے روایتی طریقے کار کو ختم کر کے یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے گئے جس سے قیدی و حوالاتی اور جیل کے چھوٹے ملازمین مستفید ہوئے اس احسن اقدام کو نہ صرف سراہا گیا بلکہ حکومت کے احسن اقدام کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے یوٹیلیٹی سٹورز پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں بنانے کا فیصلہ کیا جس سے وہاںپر بند قیدی ،حوالاتی اور وہ جیل ملازمین جن کی تنخواہیں کم ہیں اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یوٹیلیٹی سٹورز سے جیل سٹاف کی فیملیز ، اسیران اور انکی ملاقات کےلئے آنے والے لواحقین بھی معیاری اشیاءضرورت کی کم نرخوں پر خریداری کر سکیں گے،اسیران کی ضرورت کے مطابق اشیاءکی فراہمی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے عملے کے ذمہ ہو گی، کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے خریداری اور کیش ریکارڈ محفوظ رکھا جائےگا، پنجاب کی جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز کے قیام کے تاریخی فیصلے اور روایتی ٹھیکیداری نظام پر مبنی کنٹین کلچر کے خاتمے پر اسیران ، اسیران کے لواحقین اور جیل ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تجربہ کامیاب رہا،پنجاب بھر کی جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز قائم کرینگے ، میاں فاروق نذیر



















