عوام قائد کے استقبال کےلئے بے تاب،افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی،مریم

لندن،لاہور(مشرق نیوز،اپنے رپورٹر سے)سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں بہت اچھی چل رہی ہیں، پروپیگنڈا کرنےوالوں کو جلد جواب دیں گے،میاں صاحب کا مورال بہت اچھا ہے وہ اپنے ملک میں رہنا چاہتے ہیں،ملاقات کرکے اچھا لگا، میاں صاحب وطن جانے پر بہت خوش ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاافواہوں پر زیادہ توجہ نہیں دیتی، افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی، 40 سالہ سیاسی جدوجہد میں 11 سال میاں صاحب کی جلا وطنی میں گزرے ۔

ادھر ن لیگ وکلا ونگ کا پارٹی قائد نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے ماڈل ٹاﺅن میں اجلاس ہوا۔

مریم نواز نے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہاعوام اپنے قائد نوازشریف کا استقبال کرنے کےلئے بے تاب ہیں،استقبال میں ہر طبقے کے لوگ موجود ہوں گے،وکلا نوازشریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں ،سینکڑوں عدالتی پیشیاں ہوں یا جیل کی قید ہر جگہ ساتھ کھڑے رہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا وکلا نے ہمیشہ نواز شریف کی آواز پر لبیک کہا ، وکلا تحریک واضح ثبوت ہے نواز شریف جب باہر نکلتا ہے تو عوام شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں، جمہوریت پسند وکلا برادری نے ہمیشہ نواز شریف کو ہی سپورٹ کیا یہ جو کالا کوٹ ہے میاں تیرا ووٹ ہے نعرہ اٹل حقیقت ہے۔

رانا ثنانے کہا قائد نوازشریف کے تاریخی استقبال کےلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں،21اکتوبر پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا،جمہوریت کی بحالی و سویلین بالا دستی وکلا کی جدوجہد اہمیت کی حامل ہے،نواز شریف واپس آئیں پاکستان کی وکلا برادری استقبال کےلئے فرنٹ لائن میں کھڑی ہوگی، نواز شریف کا بیانیہ واضح و دو ٹوک ہے، جمہوریت کی کامیابی،آئین کی بالادستی اور اداروں کا استحکام ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔