لاہور،اسلام آباد،کراچی(اپنے رپورٹر سے،نمائندہ خصوصی)”بھٹو مرچکا،اداروں کے پیچھے مت چھپو“،ن لیگ،پیپلز پارٹی میںلفظی گولہ باری شدت اختیار کرگئی۔
پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں فیصل کریم کنڈی،ندیم افضل چن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسابق اتحادی اداروں کے پیچھے چھپے ہیں اگر کوئی ووٹ کو عزت دو کے نظرئیے سے بھاگا تو پیپلز پارٹی کاکوئی قصور نہیں ،سیاسی جماعت اپنے نعرے سے بھاگی ہم اپنے نظرئیے پر قائم ہیں،گڑھ ن لیگ کیلئے گڑھا بن گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکچھ چیزیں اتحادیوں کی طرف سے آرہی ہیں ، چند روز پہلے اتحاد ختم ہوا ،اتنی جلدی نہیں کرنی چاہیے ورنہ بات نکلی تو دور تلک جائے گی،کچھ سیاسی جماعتوں کو بیساکھیوں کی ضرورت ہوتی ہے ،پیپلز پارٹی کوبیساکھیوں کی ضرورت نہیں ۔
سابق وزیر مملکت نے کہاالیکشن کمیشن تاریخ دینے میں کیوں تاخیر کررہا ہے،ایک مرتبہ تاریخ تو دیں پھر قانون و آئین پر بحث کریں گے،ایک جماعت الیکشن کی تاریخ دے رہی ہے،30نومبر تک انتظار کریں گے یہ نہ ہولوگ سپریم کورٹ چلے جائیں،ملک کومعاشی و سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے ،پاکستان ایٹمی ملک ہے،ایڈہاک پر نہیں چلا سکتے،الیکشن کرائیں عوام جس کو حق دےں وہ حکمرانی کرے۔
ندیم افضل چن نے کہا سیف الرحمن والا احتساب منظور ہے نہ جاوید اقبال والا،جسٹس منیر و افتخار چودھری کی باقیات نہیں چاہتے اگر کوئی ووٹ کو عزت دو کے نظرئیے سے بھاگا ہے تو ہمارا کیا قصور ہے،لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ ہے ،تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جیسا ماحول میسر ہونا چاہیے،نیب کو سیاسی مقاصد و سیاسی جماعتوں کو توڑنے کےلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے،سندھ میں ہر سیاسی جماعت کو خوش آمدید کہتے ہیں،ہم بھی پنجاب میں الیکشن اتحاد بنائےں گے پھر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
دوسری جانب ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے کہا پیپلزپارٹی کی کارکردگی ہمیشہ صفر بٹاصفر رہی، پیپلزپارٹی کے پاس بھٹو کے علاوہ پیش کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں ، انہوں نے موٹرویز نہیں بنائےں،بھٹو مرچکا ،زندہ نہیں ،کبھی نہیں کہا پیپلزپارٹی سے ملکر الیکشن لڑیں گے۔
لیگی رہنما نے مزید کہانواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے جا رہے ہیں، 21 اکتوبر کو تاریخی استقبال کیا جائےگا،قائد ن لیگ ملک سے بیروزگاری، دہشتگردی کے خاتمے کےلئے آرہے ہیں۔
حنیف عباسی کو جواب دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا بھٹو زندہ ہے ،نعرہ دراصل عوامی فلسفہ ہے،ن لیگ کے لوگ معاہدے کر کے ملک سے باہر چلے جاتے ہیں،دیکھو پی پی الیکشن کےلئے تیار ہے،شازیہ مری نے مزید کہا چاہتے ہیں ملک میں ایک دن اور جلد از جلد الیکشن ہوں، پاکستان کو پسندیدہ نمائندہ چننے کا موقع ملے۔
ادھر سابق وفاقی وزیر ومرکزی رہنما ن لیگ سعدرفیق نے کہا سابق اتحادی جماعت کے سربراہ کے کوسنے اور طعنے الیکشن سٹنٹ کے سوا کچھ نہیں۔
سعد رفیق نے کہا اشرافیہ کو خرید کر ایک صوبہ کنٹرول کرنا کونسی عوامی سیاست ہے؟ سندھ میں ایم کیوایم،جے یوآئی،ن لیگ ودیگرملکر اچھا الیکشن لڑسکتے ہیں، یہی صورتحال رہی تو الیکشن اپنا اپنا، تب تک کےلئے ٹاٹا،بائے بائے، سی یو سون۔
سعدرفیق کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی شرجیل میمن نے کہا خوش آمدید جناب، تیار ہیں۔
”بھٹو مرچکا،اداروں کے پیچھے مت چھپو“،ن لیگ،پی پی میں گولہ باری تیز



















