صدر عارف علوی کی تجویز پر قانونی ماہرین کا ملا جلا ردعمل

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عارف علوی کی تجویز پر قانونی ماہرین نے ملا جلا ردعمل دیتے ہوئے کہا صدر کے خط کا مقصد سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

کچھ نے رائے دی صدر نے اختیارات کے مطابق درست کیا، ماہر قانون اشتر اوصاف نے کہا صدر مملکت کے خط سے ہیجان پیدا ہوگیا ، خط سرکاری منصب کے مطابق نہیں ،خط سے آئینی بحران نہیں ہیجان پیدا ہوگا، خط کا ایک ہی مقصد سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنا ہے،کیا سیاسی قیادت کو خوش کرنے کےلئے ملکی سالمیت کو داو پرلگا دیا جائے؟ صدر مملکت نہیں پی ٹی آئی کارکن کا لکھا خط ہے۔

ماہرقانون راجہ خالد نے کہا گیند ابھی بھی چیف الیکشن کمشنر کے کورٹ میں ہے، نئی مردم شماری کی روشنی میں پہلے حلقہ بندیاں ہوتی ہیں، الیکشن کمیشن مردم شماری کے مطابق اپنی تیاریاں کرے گا، الیکشن کرانا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔

قانونی ماہر حافظ احسان احمد نے کہا سی سی آئی فیصلے کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے، قانون کہتا ہے حلقہ بندیوں کے بعد ہی الیکشن ہوگا، الیکشن کمیشن، وزارت قانون کے جواب کے بعد صدر مملکت کوخاموش رہنا چاہئے تھا، معاملہ اب سپریم کورٹ میں بھی مختلف پٹیشن کی صورت میں جا چکا ۔


معروف قانون بیرسٹر اسد رحیم نے کہا کوئی دو رائے نہیں ہونی چاہئیں صدر مملکت انتخابات کی تاریخ دے سکتے ہیں یا نہیں، چند اختیارات جو صدر کی اپنی صوابدید ہیں ان میں انتخابات کی تاریخ دینا بھی شامل ہے، صدر وفاقی سطح پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں، صدر مملکت نے بالکل درست کیا۔


سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے اسد رحیم کی بات سے اختلاف کرتے ہوئے کہا انتخابات کی تاریخ دینا صدر مملکت کے اختیار میں نہیں آتا، جب الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کر لیتا ہے توصدر کے نام سے تاریخ کا اعلان کر دیتے ہیں، صدر کا صرف نام استعمال ہوتا ہے۔

ماہر قانون نے کہا اگر پتہ چل جائے الیکشن کمیشن کسی سیاسی دھڑے سے مل گیا اور جان بوجھ کر انتخابات ملتوی کررہا ہے ،شواہد صدر کے سامنے آ جائیں تو صدر مملکت معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیج سکتے ہیں پھر اگر سپریم جوڈیشل کونسل کے پاس جان بوجھ کر انتخابات ملتوی کرنے کا ثبوت موجود ہو تو چیف الیکشن کمشنر کےساتھ ساتھ کمیشن کے اراکین کو بھی نکالا جا سکتا ہے لیکن اگر شواہد سامنے نہیں آتے تو پھر صدر کوئی زبردستی نہیں کر سکتے۔