بلدیہ عظمیٰ، ماسٹر پلان کی تباہی کے ذمہ دار ٹرانسفر پر کرپشن کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے
لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں ماسٹر پلان کی تباہی کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کے خزانے سے اربوں روپے کی ڈکیتی کے مرکزی ملزم ٹرانسفر کے بعد ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے، بلدیہ عظمیٰ ریکارڈ کی برآمدگی کیلئے تاحال کوئی جامع حکمت عملی بنانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق میٹروپولیٹن آفیسر امین مغل اور سابق ڈی سی عمر شیر چٹھہ کی چہیتی سمجھی جانے والی سابق زونل آفیسر پلاننگ نشتر زون سمیرا چوہان اپنی ٹرانسفر کے بعد مبینہ طور پر 100 کے قریب فائلیں اپنے ساتھ لے اُڑی ہیں، مذکورہ فائلوں کے بارے معلوم ہوا ہے کہ چوری ہونے والے ریکارڈ میں کچھ ایسی فائلیں بھی شامل تھیں جن کا حوالہ سپیشل آڈٹ نے اپنی رپورٹ میں کیا تھااس کے علاوہ ان میں وہ فائلیں بھی شامل ہیں جن میں غلط رپورٹنگ کے ذریعے رہائشی ایریاز میں انڈسٹریل اور کمرشل بلڈنگوں کے نقشہ جات منظور کئے گئے تھے جس کے باعث ماسٹر پلان کی تباہی کے علاوہ بلدیہ عظمیٰ کے خزانے کو بے تحاشہ مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سابق میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ کے حکم پر سمیرا چوہان نے ریکارڈ چوری کرکے مبینہ طور پر امین مغل کے حوالے کررکھا ہے اگر اس ریکارڈ کو برآمد کرلیا جائے تو اربوں روپے کی چوری کے انمٹ ثبوت مل جائیں گے لیکن میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران اس معاملے کو بالکل بھی سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور فائلوں کی چوری پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، جس کی وجہ یہ معلوم ہوئی ہے کہ امین مغل کی روائتی بلیک میلنگ کی وجہ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام افسران ابھی بھی ان کے تابع ہیںاور جہاں موصوف کا نام آ جائے وہاں ہاتھ پاﺅں کانپنے شروع ہوجاتے ہیں۔ یہاں حیران کن بات یہ بھی ہے کہ سمیرا چوہان اپنی ٹرانسفر کے بعد بھی سرکاری کلٹس نمبری LRG278 اور دوکنال سرکاری گھر کا قبضہ واپس کرنے سے انکاری ہے۔


















