ترقیاتی فنڈز منجمد کرنا غیر آئینی ہے، پی پی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

کراچی (ایم این پی)ترقیاتی فنڈز منجمد کرنا غیر آئینی ہے، پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ۔

پی پی سینٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے خط میں کہا سندھ کے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر سمیت جاری عوامی فلاح و بہبود کی ترقیاتی سکیموں کے فنڈز کو منجمد کردیا گیا، مہنگے بلوں کا سامنا کرتے عوام کیلئے سولر پینلز فراہمی سکیم کے فنڈز کو منجمد کرنا تعجب انگیز ہے۔

خط میں مزید لکھاگیا الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 230 کے تحت نگران حکومت جاری ترقیاتی سکیموں کو نہیں روک سکتی، نگران حکومت کی بجائے خود الیکشن کمیشن نے فلاح و بہبود کی سکیموں کے فنڈز روک کر غیرآئینی قدم اٹھایا ۔

تاج حیدر نے کہانظام کا المیہ ہے سیلاب متاثرین کو گھروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی، بازار بند ہیں، بجلی کے بل جلائے جارہے ہیں، عوام سڑکوں پر ہیں اور ایسے نتائج موجودہ غلط پالیسیوں کے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیاموجودہ ترقیاتی سکیم کے تحت سندھ میں 21 لاکھ گھروں میں سولر پینلز لگنے ہیں، کیا فنڈز منجمد کرکے اپنے عوام کو اندھیروں سے روشنیوں میں لاسکتے ہیں؟، جاری ترقیاتی فنڈز کے ذریعے سولر پینل و گھر فراہم کئے جا رہے تھے، 20 لاکھ میں سے 50 ہزار گھر 3ماہ کے عرصے میں تعمیر کئے گئے،فیصلہ واپس لیاجائے۔