لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سی پیک اور نان سی پیک سمیت تمام حساس پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی اولین ترجیح ہے لہٰذا تمام غیر ملکی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دفاتر، ورکنگ سائٹس اور رہائش گاہوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی باقاعدگی سے انسپکشن بھی کی جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی یو اہلکاروں کو مقامی اضلاع یا قریب ترین پراجیکٹس پر تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پروموشن کیلئے ایسا نظام وضع کریں جس میں کانسٹیبل سے انسپکٹر تک پروموشن کی تمام ایس او پیز موجود ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ ہیڈ کوارٹرز مناواں میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی بارے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے جاری خصوصی اقدامات کے بارے میں کہا ہے کہ 2 لاکھ سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کر لی گئی جبکہ فیملیز کی سکریننگ بھی جاری ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیس فورس کی نفسیاتی پروفائلنگ جاری، مختلف عوارض کا شکار 15 ہزار سے زائد اہلکاروں کا علاج معالجے بھی شروع ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محکمہ صحت کے تعاون سے پولیس ویلفیئر ہسپتالوں میں ان ڈور، آوٹ ڈور سروسز کا آغاز ہو چکا اور اب دور دراز اضلاع کے کانسٹیبلز کے علاج معالجے کیلئے ٹیلی میڈیسن کا آغاز کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور پولیس ویلفیئر ہسپتال کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا حصہ بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے شکر گذار ہیں۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے پروبیشنر افسران کے تربیتی کورسز کے حوالے سے بڑا اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت کورسز کے دورانئے میں کمی کر دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروبیشنر اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کے پروموشن کورسز کے دورانئے میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اے، بی اور سی کورسز کا دورانیہ کم کرکے ایک ماہ کردیا گیا جبکہ ڈی کورس کا دورانیہ 06 ماہ کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹ اپر سب آرڈینٹس بھرتی ہونے والے افسران 03 برس کا پروبیشن پیریڈ گزارنے کے بعد کنفرم کئے جائیں گے، پی کیڈٹ کوٹہ کے تحت ڈائریکٹ سب انسپکٹر بھرتی ہونے والوں کو ٹریننگ اور اے، بی، سی اور ڈی کورسز دوبارہ نہیں کرنا پڑیں گے۔ ان افسران کو تھانوں میں اڑھائی ماہ کا ریفریشر کورسز بطور سب انسپکٹر کروایا جائےگا وہ 3 برس کا عرصہ پروبیشنر کے طور پر گذاریں گے۔ پریکٹیکل ٹریننگ مکمل نہ کرنے والے اے ایس آئیز بطور سب انسپکٹر بھرتی ہونے پر اپنی پریکٹیکل ٹریننگ مکمل کریں گے، آئی جی پنجاب نے پولیس رولز میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کرکے تمام افسران کو بھجوا دیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریٹائرڈ پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے احسن اقدام کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی (HRMIS) ایپ میں ریٹائرڈ پولیس افسران کیلئے خصوصی ٹیب کا اضافہ کیا گیا ہے، ریٹائرڈ پولیس افسران پنشن سمیت دیگر پیشہ ورانہ مسائل کے حل کیلئے آن لائن فورم استعمال کر سکتے ہیں۔ ریٹائرڈ پولیس ملازمین کو اپنے مسائل کے حل کیلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ اس اقدام سے ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ہونگے۔
پاکستان میں کام کرنیوالے چینی شہریوں کی حفاظت اوّلین ترجیح ہے :آئی جی پنجاب

















