لاہور (مشرق نیوز) سٹیج کی نامور اداکارہ ہما علی نے ساتھی فنکاروں اور حکومت سے اداکار جانو ں بابا کی مالی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی وہ وقت ہے جب سب کو مشکل میں گھرے فنکارکی مدد کےلئے آگے آنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ شوبز میں بہت سے لوگ بے پناہ وسائل رکھتے ہیں اگر سب مل کر مدد کریں تو جانوں بابا کو کچھ مالی آسودگی میسر آسکتی ہے ، میں وفاقی اور پنجاب حکومت سے بھی اپیل کروں گی کہ نہ صرف جانوں بابا کی مالی معاونت کی جائے بلکہ انہیں علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں یہ روایت بن چکی ہے کہ جب فنکار دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے تو ہم تعزیت کےلئے پہنچ جاتے ہیں لیکن جب وہ حالات کی وجہ سے سسک سسک کر مر رہا ہوتا ہے تو کوئی اسے پوچھنے والا بھی نہیں ہوتا۔
حکومت ،ساتھی فنکار مسائل سے دوچار جانو ں بابا کی مالی امداد کرےں: ہما علی



















