لاہور(کامرس رپورٹر) نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے کہا ہے ملک چلانے کےلئے 80ارب ڈالر کی ضرورت ہے ،80ارب ڈالر کی برآمدات کرنا کوئی بڑی بات نہیں ،90روز کے ٹائم فریم میں ملکی برآمدات کو80ارب ڈالر تک پہنچانے کا سٹریٹجک پروگرام مکمل کرلیںگے۔
گوہر اعجاز نے کہاالیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے ،میرا مینڈیٹ سیاسی نہیں تجارت وصنعت کو ترقی دینا ہے ،ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے خام کپاس کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گاتاکہ ایک ایک پیسے کا ریو نیو ملکی خزانے میں جمع ہو ، صنعت کو سبسڈی کی ضرورت نہیں لیکن ریجنل انرجی ٹیرف کے مطابق انرجی ملنی چاہیے اگر زیادہ ہوگا تو صنعت نہیں چل سکے گی،پاکستان تکلیف میں ہے ،تکلیف کو دور کرنا میرا مینڈیٹ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما) کے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
وزیر تجارت نے کہا ریجنل ٹریڈ کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کر سکتے ہیں ،جلد ترکمانستان ،آذر بائیجان کے اعلیٰ سطحی حکام سے ملاقات کروں گا،یورپی یونین بڑا پارٹنر ہے ، جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی 6ارب ڈالر کی برآمدات بڑھیں اور ابھی مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔
گوہر اعجاز نے مزید کہا وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اپٹما کے پیٹرن انچیف اور تمام کمپنیوں سے مستعفی ہو گیا ہوں ،اب میری ذمہ داری صرف ملک ہے۔
ملک چلانے کےلئے 80ارب ڈالر کی ضرورت ہے،وزیر تجارت

















