بھارتی کمپنی کے سیرپ میں کیڑے مار دوائی کے اجزا استعمال ہونے کا انکشاف

نئی دہلی (مشرق نیوز) بھارتی فارماسیوٹیکل کمپنیاں موت بانٹنے لگیں، ازبکستان میں ہندوستانی فارماسیوٹیکل کمپنی کے خلاف تفتیش کے دوران شرمناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورامیکس نامی کمپنی کے بھارتی نژاد سی ای او نے اپنے ہی ملک کی کمپنی میریون بائیو ٹیک سے کھانسی کے غیرمعیاری سیرپ کا ٹھیکہ کیا اور زیادہ منافع کی ہوس میں کمپنی نے سیرپ میں کیڑے ماردوائی میں استعمال ہونے والے اجزا ڈال دیے۔سی ای او کورامیکس پرتارسنگھ نے رشوت دینے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ ازبکستان درآمد پر 33 ہزارڈالر رشوت دےکر کوالٹی ٹیسٹ بھی معاف کروا لیا۔ازبک حکام کے مطابق کورامیکس کمپنی نے ٹیکس فراڈ کیلئے سیرپ کی قیمت بھی زیادہ ظاہرکی۔ دسمبر 2022میں کھانسی کے سیرپ کے استعمال سے ازبکستان میں 65 بچوں کی اموات ہوئی تھی- سکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد امریکہ، یورپی یونین اور دیگر کئی ممالک نے ہندوستانی کمپنی میریون بائیو ٹیک کا لائسنس معطل کر دیا تھا۔