حکومت کی تبدیلی پر عوامی بہتری کے منصوبوں کیلئے ترجیحات نہیں بدلنی چاہئیں :ڈاکٹر جاوید اکرم
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے منعقدہ پولیو اورنٹیشن اینڈ پلاننگ ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کے عہدیداران، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان اور صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان خصوصاً پنجاب کو ہمیشہ کیلئے پولیو فری دیکھنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ خیبرپختونخواہ سے ابھی بھی پولیو کے کیس رپورٹ ہوتے ہیں۔ کسی بھی حکومت کی تبدیلی کے بعد عوام کی بہتری کے منصوبوں کیلئے ترجیحات نہیں بدلنی چاہئیں۔ پوری دنیا میں والدین خود اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے جاتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ پنجاب میں انفیکشئیس ڈیزیز پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ریسرچ کے مطابق پاکستان میں 50 سال کی عمر کے بعد ہر شخص کو بلڈ پریشر کا سامنا ہوگا۔ دریں اثناء نگراں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا ہے کہ معصوم بچیوں رضوانہ اور ایمن پر گھریلو تشدد کے بارے میں خبر نشر ہونے کے بعد غیرملکی مخیر پاکستانیوں نے ان بچیوں کیلئے امداد بھیجی ہے۔ڈاکٹرجاوید اکرم نے بتایا کہ گھریلو تشدد کا شکار بچیوں رضوانہ اور ایمن کو غیر ملکی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی مخیر حضرات نے پنجاب حکومت کو امدادی رقوم کے چیک بھجوائے ہیں جو ان کے والدین کے حوالے کر دیئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی مخیر حضرات نے دونوں بچیوں کی کفالت کا ذمہ بھی اٹھا لیا ہے۔



















