لاہور (خبرنگار) انکوائریوں اور مقدمات کے شدید دباﺅ کے باعث چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ لاہور اعصابی تناﺅ کا شکار ہیں جس کے باعث انتظامی معاملات مزید متاثر ہونے کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں، چنانچہ ٹاﺅن ہال میں لگی انفورسمنٹ انسپکٹروں کی لوٹ سیل سے ان پر ہونیوالے اثرات نمایاں ہورہے ہےں۔ غیر مضبوط اعصابی طاقت کے حامل چیف آفیسر کی آنکھوں پر سفارش اور مبینہ رشوت کی پٹی باندھ کر کمپیوٹر آپریٹر بھی انفورسمنٹ انسپکٹری کے پرکشش عہدے حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، حالانکہ دفاتر پہلے ہی کمپیوٹر آپریٹرز کی واضح کمی کا سامنا کر رہے ہےں، اسکے باوجود چھ مزید کمپیوٹر آپریٹروں کو انفورسمنٹ انسپکٹرز کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، تاہم اس صورتحال کے بعد دفتری امور کے علاوہ سائلین کو بھی مزید خواری کا سامنا کرنا پڑ جائےگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع لاہو رکےلئے 73 انفورسمنٹ انسپکٹروں کے آرڈر کئے گئے ہیںجن میں زیادہ تعداد سفارشیوں اور مبینہ رشوت دینے والوںکی ہے لیکن یہاں طرفہ تماشہ یہ ہے کہ کمپیوٹر آپریٹر صداقت علی، میاں عابد، شیخ نعمان، منیب الرحمان، عمر واحد اور مدثر اسلم کو باقیوں کی نسبت زیادہ کمائی والی یونین کونسلیں فراہم کی گئی ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کمپیوٹر آپریٹر مدثر اسلم کے چیف آفیسر اور میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کے ساتھ خصوصی تعلقات ہونے کی وجہ سے نوازشات کا سلسلہ قدرے مختلف ہے، گریڈ 15 کے کمپیوٹر آپریٹر مدثر اسلم پہلے ہی گریڈ 17 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہا ہے اور اب موصوف کو گلبرگ کی کمرشل یونین کونسلوں کا بوجھ بھی برداشت کرنا پڑ جائےگا۔
انکوائریوں، مقدمات کا دباﺅ، چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ دباﺅ کا شکار، انتظامی معاملات متاثر ہونے کا خدشہ


















