جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان
لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر سلیم جعفر نے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جو آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں حصہ لے گا۔جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے اور اس کےخلاف سیریز کے تمام میچز یکم سے 14 ستمبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔جنوبی افریقہ کے خلاف اس دو طرفہ سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل ہونگے۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ2023-25 کا حصہ ہونگے۔تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل یکم سے 5 ستمبر تک ہونگے جبکہ ون ڈے سیریز 8سے14ستمبر تک کھیلی جائیگی۔ 18 سالہ شوال ذوالفقار کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ آئندہ ماہ ہونے والے ایشین گیمز کیلئے پہلے ہی سلیکٹ ہوچکی ہیں۔دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی ٹیم میں چھ ماہ کے بعد واپسی ہوئی ہے ۔ وہ انگلی کی تکلیف سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہیں۔ ان کی انگلی اس سال آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہوئی تھی۔لیگ سپنر سیدہ عروب شاہ کی تین سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔وہ آخری مرتبہ 2020کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں۔اسی طرح آل راﺅنڈر نتالیہ پرویز کی 2018کے بعد ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے وہ ون ڈے سکواڈ میں ریزرو کھلاڑی کے طور پر بھی شامل ہیں۔وکٹ کیپر نجیہہ علوی بھی 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ایمن امین،جویریہ خان،عائشہ نسیم (انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر)سدرہ نواز اور طوبیٰ حسن جو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔



















