لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم عاشور پر صوبہ بھر میں منعقدہ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس افسران و اہلکاروں کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔فورس کے نام جاری خصوصی پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ یوم عاشور پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کیلئے عبادت و تکریم کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،اس اہم دن پر پاکستان اور اسلام کے دشمن پاکستان کے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں،محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کو نقصان پہنچانے یا امن و امان کو خراب کرنے کی جسارت کر سکتے ہیں، بارش کا سیزن یا کوئی بھی غیر متوقع دیگر عوامل کسی ناخوشگوار واقعہ کی وجہ بن سکتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ دہشت گردوں کے عزائم کا خاتمہ، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اور بہترین سروس ڈلیوری کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے یقینی بنانا پولیس فورس کی ذمہ داری ہے لہٰذا ان تینوں پہلوو¿ں پر یکساں توجہ اور محنت سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس فورس کی ڈیوٹیاں 40 روز تک جاری رہیں گی،محرم سکیورٹی پر تعینات فورس شرپسند عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے اور امن و امان کو بحال رکھنے کیلئے مکمل طور پر ہائی الرٹ رہے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایس پی یو، ٹریفک، ایگزیکٹو، پٹرولنگ، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ یا کسی بھی فارمیشن یا پوائنٹ پر ڈیوٹی لگی ہے تو افسران و اہلکاروں نے پہلے سے زیادہ الرٹ ہوکر فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے اور شہریوں کے تعاون اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن سے مل کر اس تھریٹ کو روکنا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ پولیس ٹیموں کی محنت کی وجہ سے رواں برس پچھلے برسوں کی نسبت 11 گنا کم خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی ہیں، بروقت اقدامات کی بدولت رواں برس 13 گنا کم ایف آئی آرز ہوئیں جس پر پولیس فورس شاباش کی مستحق ہے تاہم اصل شاباش تب ہوگی جب ہم پورے محرم الحرام کے دوران مثبت رویوں سے بہترین ڈیوٹی کرکے شہریوں کو محفوظ رکھیں گے۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ عبادت و تکریم کا سلسلہ جاری رہے گا اور صوبے کے ہر ضلع میں منعقدہ مجلس اور برآمد جلوس کی سکیورٹی فول پروف رہے گی پھر لوگ پنجاب پولیس زندہ باد کا نعرہ لگائیں گے اور یہی ہماری حقیقی کامیابی ہوگی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی فرائض بھرپور محنت اور جوش و جذبے کے ساتھ ادا کرتے ہوئے کسی قربانی سے ہر گز دریغ نہ کیا جائے۔
آئی جی کا صوبہ میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا ٹاسک



















