اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوجائےگی، انتخابات اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہوں گے الیکشن کمیشن اعلان کرےگا، آئی ایم ایف پروگرام لمحہ فخریہ نہیں، لمحہ فکریہ ہے، جگہ جگہ جا کر ادھار مانگیں اور آئی ایم ایف کی منتیں کریں، زندگی گزارنے کا طریقہ نہیں، اب ایسے کام نہیں چلے گا، متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر مل گئے۔ سیاستدان، جج، جرنیل، ڈاکٹر و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین ملک کی تقدیر بدلنے کےلئے آگے آئیں۔
وزرائے اعظم آتے جاتے رہتے ہیں، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم دائم رہنا چاہئے، جو بھی حکومت عوام کے ووٹوں سے آئے وہ تعلیم کوپہلی ترجیح دے، تعلیم کا فروغ سیاست نہیں عبادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب میں اصلاحات کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے کروڑوں بچوں، بچیوں پر اپنے مالی وسائل خرچ نہ کئے تو سفر ادھورا رہےگا، رواں سال 14 ارب انڈوومنٹ فنڈ کےلئے مختص کئے گئے جو اگرچہ کم ہیں تاہم مالی مشکلات بہت زیادہ ہیں، ہمیشہ کوشش کی تعلیمی وظائف بڑھائے جائیں، فیصلہ کیا رواں سال مختص 3 ارب غریب طلبا وطالبات کو دئیے جائیں گے، چاہتے ہیں رقم اگلے 10 سالوں میں 14 ارب سے بڑھ کر 40 ارب تک پہنچ جائے تاکہ طلبا و طالبات اپنی تعلیم کے سلسلے کو مکمل کرسکیں۔
شہبازشریف نے کہا مشکل دورجلد گزر جائےگا، پاکستان مستحکم ملک بنے گا، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ پر ملک کے طلبا کا حق ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں لاکھوں ایسی بچیاں ہیں جن کے پاس وسائل نہیں لیکن ڈاکٹر، انجینئر بن کر اپنے خاندان، ملک کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتی ہیں، ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہنے والے علاقوں پر توجہ دی جانی چاہئے، اگر حکومت، صاحب ثروت افراد غریب بچوں، بچیوں کا ہاتھ نہیں تھامیں گے تو نہ دنیا اور نہ ہی اگلی دنیا میں معافی ہوگی، تعلیم و فنی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، آرٹیفشل ٹیکنالوجی، زراعت، میڈیکل سائنس و دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کی بہت گنجائش ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبے میں پیداوار بڑھانے کی کوشش کی جاسکتی ہے، وقت آگیا ہے تعلیم پر مکمل توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومتی مدت 14 اگست کو مکمل ہوجائےگی پھر اکتوبر یا نومبر میں انتخابات ہوں گے، اعلان الیکشن کمیشن کرےگا، آئی ایم ایف پروگرام شادیانے بجانے کا لمحہ نہیں، قوموں پر مشکل وقت آتا ہے تو مقابلہ کرتی ہیں، حالات و مشکلات کا مقابلہ کرکے اپنا کھویا مقام حاصل کر کے رہیں گے۔ شہبازشریف نے کہا پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کےلئے ہر جگہ ادھار مانگ رہے ہیں اور آئی ایم ایف کی منتیں کررہے ہیں، جینے اور زندگی بسر کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں، ترقی کا ایک ہی راستہ تعلیم ہے، خودی پر عمل کرنا ہوگا۔ خودی ایثار، محنت اور ایمانداری سے آئےگی، چین پاکستان کا بہترین دوست ہے، مشکل وقت میں پاکستان کا ہاتھ تھاما اور 3 ماہ میں پاکستان کو 5 ارب ڈالر دئیے، سعودی عرب بھی پاکستان کا خیر خواہ ہے، 2 ارب ڈالرگزشتہ روز دئیے، معالی معاونت پر سعودی قیادت پر مشکور ہیں، متحدہ عرب امارات سے بھی ایک ارب ڈالر مل گئے۔
شہبازشریف نے کہا 75 سال سے مثالیں دیتے آرہے ہیں لیکن عمل کہیں نظر نہیں آیا، اگر عملی کام کریں تو آنے والی نسلیں دعائیں دیں گی ورنہ بد دعائیں ہی دیتی رہیں گی، ملک بے پناہ وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے، اُمید ہے پاکستانی قوم جلد دنیا بھرمیں ترقی یافتہ قوم بن کر اُبھرے گی۔
دریں اثنا چھٹے پاکستان فارماسسٹ سمٹ ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا 22 فیصد شرح سود کاروبار کیلئے تباہ کن ہے،دنیا میں کسی بھی چیلنج کےساتھ مشکلات ہوتی ہیں، کوئی مٹھائی بانٹنے کا موقع نہیں، آئی ایم ایف نے اکانومی کو جکڑ رکھا ہے، سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر خالصتاً نئے آرمی چیف کی کاوشوں سے آئے، مشکلات و چیلنجز کا ملکر سامنا کرنا ہے، فارما انڈسٹری برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، فارما انڈسٹری کا ادویہ سازی کےساتھ ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، زندگی بچانے والی ادویات پرلائحہ عمل وضع کرنا چاہئے۔
شہبازشریف نے کہا جانتا ہوں پیداواری لاگت پہلے سے بڑھ چکی لیکن غریب کی قوت خرید کو بھی دیکھنا ہے، حکومت فارما انڈسٹری کی بہتری کیلئے کوشاں ہے، فارما انڈسٹری کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، ملک کے سفیر ہیں، فارماسسٹ بڑے زبردست پاکستانی ہیں، وقت آئےگا جب پالیسی ریٹس کم ہوں گے، تالی دو ہاتھوں سے بجتی ہے، فارماسسٹ عرق ریزی سے بیٹھ کر معاملات پر مشاورت کریں، آئینی مدت ختم ہونے سے پہلے معاملات حل کریں گے، فارماسسٹ غریب آدمی کی دوائی کا خیال رکھیں، تمام جائز مطالبات ماننے کیلئے حاضر ہوں۔
علاوہ ازیںاسلام آباد میں شاہین چوک فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے اور موسم برسات کی شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا عوامی ترقی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بارہ کہو فلائی اوور کا تعلق پنڈی، اسلام آباد ہی نہیں پورے پاکستان سے ہے، رواںماہ کے اختتام پر بارہ کہو فلائی اوور کا افتتاح ہوگا۔
شہبازشریف نے کہا حاجی ثنا سمیت پاکستانیوں کی دعاو¿ں سے آئی ایم ایف امتحان سے نکلے، مجبوراً آئی ایم ایف پروگرا م کو قبول کیا، آئی ایم ایف پروگرام حلوہ، کھیر نہیں ، سیاست کو داو¿ پر لگا کرریاست کو بچایا، یہی نوازشریف اور پی ٹی آئی کے پردھان کی سیاست میں فرق ہے، نوازشریف اتحادی حکومت نے سیاست کی پرواہ نہیں کی، پاکستان کی ریاست بچ گئی ، معاشی بحالی کی ترقی کا پروگرام سامنے آگیا، زراعت کی ترقی، معدنیات، ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ دینا ہے، پاکستان قرضوں کے پہاڑ میں دبا ہے، معاشی بحالی کے پروگرام سے پاکستان قرضوں سے نکل آئےگا۔
وزیراعظم نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی سے اقتدار پر بٹھایا، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، عمران نیازی پاکستان دشمنی اور ملکی مخالفت پر اترے ہوئے ہیں، کس نے 2 وزرائے خزانہ کو کہا تھا آئی ایم ایف پروگرام مکمل نہ ہو، کس نے کہا تھا پاکستان سری لنکا بننے جا رہا ہے، سری لنکن صدر نے آئی ایم ایف منیجنگ ڈائریکٹر کو کہا پاکستان کی پوری مدد کریں، چیئرمین پی ٹی آئی اپنے جتھے کےساتھ دن رات پاکستان کے ڈیفالٹ کی بدعائیں دے رہے تھے، 9 مئی کا واقعہ اگر اسرائیل میں ہوتا تو ذمہ داروں کےخلاف کتنی تباہی کرتا، بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہانے والے اسرائیل کی طرف سے پاکستان کے اندرونی معاملات پر بیان کی پوری قوم مذمت کر رہی ہے، سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے سوا سال میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا، الیکشن کے بعد موقع ملا تو اگلے 5 سال غربت، بیروزگاری کے خاتمے، تعلیم کے فروغ، زرعی ترقی اور ملکی خوشحالی کیلئے جان لڑا دیں گے۔ ہمت و جواں جذبے کےساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا اربوں ڈالر کی کھاد، گندم خریدی، شفاف ترین بولی کے بعد گندم، کھاد کو منگوایا گیا، بولی کے دوران مزید اربوں روپے کم کرائے، پاکستان کے عوام کا پیسہ ہے، گزشتہ حکومت میں بڑے بڑے ٹھیکے داروں نے اپنی جیبیں بھریں، نوازشریف دور میں بڑے پلانٹ لگے، چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، 4 سال چور، ڈاکو کہا گیا اور خود خانہ کعبہ کے ماڈل کی کروڑوں روپے کی گھڑی جیب میں ڈال لی، کابینہ میں تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ مارا گیا۔
وزیراعظم نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچنے والے بھی اب بولنا شروع ہوگئے، کابینہ کو بند لفافہ دکھایا گیا اور کہا گیا دستخط کردو، اگر نواز شریف اور میری حکومت میں ایسی حرکت ہوتی تو یہ ہمیں چھوڑتا؟ گزشتہ حکومت کے 2 وزرا نے کہا لفافہ دکھایا جائے، 190 ملین پاونڈ پاکستان کے خزانے میں آنا تھے جو سپریم کورٹ کے اکاو¿نٹ میں گیا اتنے بڑے بڑے ڈاکے ڈالنے والے چیئرمین پی ٹی آئی نے جو کیا سب کے سامنے ہے، آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے پاکستان بوجھ سے نکل آئےگا اور ملک اسلامی دنیا و عالمی افق پر مضبوط اور طاقتور بن کر اُبھرے گا۔
شہبازشریف نے مزید کہا فلسطین میں 75 سال سے مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، ہزاروں بچوں، ماﺅں اور بیٹیوں کو شہید کیا جا چکا، بچوں کو یتیم اور خواتین کو بیوہ کیا گیا، دن رات راکٹ برسائے جاتے ہیں، تاریخ میں ظلم و بربریت کی اس طرح کی کوئی اور مثال نہیں ملتی وہ اسرائیل کہتا ہے پاکستان میں جو ظلم، زیادتی ہو رہی ہے اور ناجائز کیسز بنائے جا رہے ہیں، ناانصافی ہو رہی ہے وہ ختم ہونی چاہئے، اسرائیل کو تو خود اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، 9 مئی کا واقعہ اگر اسرائیل میں ہوتا تو وہ وہاں پر کتنی تباہی کرتا، آئین و قانون کے مطابق معاملے کو حل کیا جا رہا ہے، اگر یہی بات تھی تو 6 جنوری 2021ءکو کیپٹل ہل میں جو ہوا اور اسکے نتیجے میں جو سزائیں دی گئیں اسرائیل تب کیوں نہیں بولا؟ یہ وہ سازش ہے جس کے تانے بانے کہاں کہاں ملتے ہیں، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، شہداءکی بے حرمتی کی گئی، مجسموں کو توڑا گیا، ملک میں انارکی پیدا کرنے کی بدترین کوشش کی گئی، قوم نہیں بھولے گی، 22 کروڑ عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر ہتھکنڈوں کو ناکام کریں گے اور پاکستان عظیم ملک بنے گا۔
وزیراعظم نے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا
ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی
ایل پی جی سیکٹر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ، چین کے ساتھ اہم سرمایہ کاری منصوبہ شیئر
ٹرمپ نے ایران معاملے پر تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھے ہیں:جیرڈ کشنر
بلوچستان میں آپریشنز،بھارتی حمایت یافتہ12 دہشت گرد ہلاک
جینیفر بیریٹو 115 امیدواروں کو شکست دے کر مس یونیورس بن گئیں
آبنائے ہرمز کشیدگی کے باوجود پٹرول قیمتوں میں مسلسل کمی
ADB نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی
طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے:خواجہ آصف
پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ



















