انڈسٹریل سٹیٹس کی کالونائزیشن کےلئے عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر ناگزیر ہے: ایس ایم تنویر

لاہور ( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر سے ایوان صنعت و تجارت بہاولپور کے صدر ذوالفقار احمد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔منسٹر بلاک کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ کے ترقیاتی مسائل اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے کے عمل پرپیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔وفد نے صوبائی وزیر صنعت وتجارت کو پراپرٹی، ایکسائز،ہائی وے ٹیکسز اور صنعتکاروں کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران پراپرٹی اور ایکسائز ہائی وے ٹیکسز کی وصولی کے ایس اوپیز بھی طے کئے گئے۔صوبائی وزیر صنعت نے وفدکو بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویرنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انڈسٹریل سٹیٹس کی کالونائزیشن کےلئے عالمی معیار کے صنعتی انفراسٹرکچر کی فراہمی ضروری ہے۔ ٹیکسوں کی عدم ادائیگی پر کارخانوں کی بندش مناسب نہیںمحکمہ ایکسائز ٹیکسوں کی وصولی کی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ صنعتکاروں کو سہولت اور عزت دے کر زیادہ ٹیکس حاصل کیا جاسکتا ہے۔سی ای او پیڈمک نے بریفنگ کے دوران بتایاکہ بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ میں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر 6ماہ میں مکمل جبکہ گیس کنکشن دسمبر 2023میں فراہم کر دیئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائزنے کہاکہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے ڈیش بورڈ اور ایکسائز ایپ متعارف کرائی جارہی ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،ڈی جی ایکسائز،سی ای او پیڈمک اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔