سانحہ 9 مئی میں ملوث اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، وزیراعظم

پیرس/ لندن (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے معاشی بحالی میں قومی پلان سنگ میل ثابت ہوگا، ایک سال میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، 9 مئی کو آگ لگانےوالے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے اپنے ممالک میں پاکستان کےخلاف جھوٹ کو بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہبازشریف کی فرانس میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات ہوئی، پاکستان بزنس فورم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

شہبازشریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، وطن کی ترقی کےلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہبازشریف نے کہا ایک سال میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے، 4 سال میں معیشت تباہ، بےروزگاری اور مہنگائی آسمان پر پہنچا ئی گئی جبکہ خارجی محاذ پر بھی پاکستان تنہائی کا شکار تھا، ایک سال کی مسلسل محنت کے بعد عالمی برادری سے تعلقات بحال کئے۔

وزیراعظم نے مزید کہاپاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کےلئے سپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل بنادی، معاشی خودمختاری، ترقی اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ملاقات ہوئی، سی پیک سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات پاکستان ، چین کی سدابہار آزمودہ کوآپریٹو شراکت داری کی روایتی خیرسگالی و پرجوش ماحول میں ہوئی، پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں، دوطرفہ معاشی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی جغرافیائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی ومعاشی ترقی کےلئے چین کی پختہ ومسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے متنازع خطے میں جی 20 کا اجلاس بلانے کی چین کی طرف سے بھرپور مخالفت اقوام متحدہ قراردادوں اور عالمی قانون کی بالادستی کے چین کے اصولی موقف کا مظہر ہے۔ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہاپاکستان ،چین کی دوستی منفرد اور دونوں ممالک کے عوام میں موجود گہرے برادرانہ جذبات پر استوار ہے جو وقت و حالات کی تبدیلی سے بے نیاز ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہاچین پاکستان کے کلیدی مفادات کے تحفظ، معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی مستحکم انداز میں ترقی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں اطراف نے اس امر پر اتفاق کیا سی پیک پاکستان کی سماجی ومعاشی ترقی میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے، دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے حصول کےلئے ملکر کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

دونوں قائدین نے رواں سال سی پیک کی کامیابی کے 10 سال مکمل ہونے کی خوشی بھرپور انداز میں منانے ،اعلیٰ سطح کے رابطوں کی رفتار برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے چینی ہم منصب کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو وزیراعظم لی کی چیانگ نے قبول کرلی۔

برازیل کے صدر لاﺅلا ڈی سلوا سے ملاقات میں وزیراعظم نے دفاع سمیت دیگر معاملات میں برازیل کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات میں ملٹی لیٹرل فورمز پر برزایل، پاکستان کے تعاون پر دونوں قائدین نے اظہار اطمینان اور دوطرفہ تعاون کومزید وسعت اور فروغ دینے پر اتفاق کیا ، اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر ملکر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔


وزیراعظم نے برازیلی سے صدر سے بات چیت کرتے ہوئے کہاپاکستان زراعت کے شعبے میں برازیل کے تجربات سے استفادہ کا خواہاں ہے، زراعت کے شعبے میں برازیل کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ برازیلی صدر نے وزیراعظم شہبازشریف اور عوام کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا، اسلامی ترقیاتی بینک ( آئی ایس ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر الجاسر سے ملاقات میں پاکستان، آئی ایس ڈی بی کے درمیان دیرینہ تعاون و روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم، صدر آئی ایس ڈی بی نے مختلف جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں ہونےوالی کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان بین الاقوامی کانفرنس میں آئی ایس ڈی بی کی شرکت پر پاکستانی حکومت، عوام کی جانب سے ڈاکٹر الجاسر کا شکریہ ادا کیا، کانفرنس میں آئی ایس ڈی بی کے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں معاونت کےلئے 4.2 ارب امریکی ڈالر کی فراہمی کے اعلان کو سراہا، فراخدلانہ مالی معاونت میں ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون و قائدانہ کردار کو تسلیم کیا۔

وزیراعظم نے زور دیا آئی ایس ڈی بی کی پاکستان کےساتھ مفید شراکت داری ملک کے عوام کو زندگیوں کی تعمیر نو اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کےساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ہو گی۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر الجاسر کو ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے، غیرملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے کےلئے ون ونڈو حل فراہم کرنے کےلئے حال ہی میں تشکیل دی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا بھی بتایا۔

شہبازشریف، اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہ ڈاکٹر الجاسر میں غیررسمی دلچسپ گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹرالجاسر وزیراعظم کو خاص طورپر الوداع کرنے کےلئے بیرونی راہداری تک آئے۔ وزیر اعظم نے کہا آپ نے میرادن خوشگوار بنادیا،آپ کو بہترین میٹھے آم بھجواﺅں گا، ڈاکٹر الجاسر نے کہا سب سے زیادہ وہی کھاتے ہیں ان کے بغیر نہیں رہ سکتے، ڈاکٹر الجاسر کے شگفتہ جملوں پر وزیراعظم سب بے ساختہ مسکر ادئیے، آپ آم اُگاتے رہیں اور بھجواتے رہیں، ڈاکٹر االجاسر کے جملے پر وزیراعظم اور دیگر حاضرین نے قہقہے لگائے۔

جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات میں وزیراعظم نے 163 ملین یورو کی معاشی معاونت کی فراہمی پرجرمن حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہابےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کےلئے 27 ملین یورو کی اضافی رقم سیلاب متاثرین کی مدد ، خوراک کی فراہمی کےلئے استعمال ہوئی، شہباز شریف نے کہاجرمنی کی ترقی کو ہمیشہ مثال کے طورپر پیش کیا ، جرمنی نے جس طرح محنت سے اپنا مقام بنایا وہ ترقی پذیر ممالک کےلئے عمدہ مثال ہے،وزیراعظم نے کہاذاتی طورپر جرمنی کی ترقی، جرمن قوم کی محنت اور عزم کا گرویدہ ہوں، امید کرتے ہیں موسمیاتی تبدیلی سے خطرات و معاشی دباﺅجیسے مسائل میں جرمنی ترقی پذیر ممالک کی آواز بنے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف یورپی کمیشن کی سربراہ ارسیلا وون ڈر لاین سے بھی ملے، یورپی اداروں کےساتھ ملکر سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کے پاکستانی عزم کا اظہار کیا، وزیراعظم نے پاکستان ،یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی سربراہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جی ایس پی پلس کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ٹریک پر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہااس ضمن میں مضبوط سیاسی عزم موجود ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر نے 2022 کے سیلاب سے بحالی کی پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف کا نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس کے اختتامی سیشن میں شرکت کےلئے پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ،وزیراعظم کی آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔


جبکہ اپنی ٹوئٹ میںوزیراعظم شہبازشریف نے کہا عالمی برادری کو شرم الشیخ میں کوپ27 میں کئے گئے وعدوں کو پوراکرنا چاہیے، قدرتی آفات سے سپلائی چین میں خلل پڑنے سے اجناس کی قیمتوں ،مہنگائی میں اضافہ ہوا،معاشی نمو رک گئی، دنیا کو موجودہ معاشی و موسمیاتی انتشار کواصلاح کے موقع کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔

شہبازشریف نے کہانئے عالمی مالیاتی معاہدے کےلئے سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی بات چیت کے دوران عالمی رہنماوں کی توجہ خارجی عوامل کی طرف مبذول کرائی جس سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کےلئے شدید بحران پیداہوا،وزیراعظم نے کہابد ترین سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا،پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کےلئے مالیاتی فرق کو پورا کرنے میں ناکامی کے ساتھ ساتھ موسمیاتی اہداف کو حاصل کرنے کےلئے دنیا کو بھاری قیمت ادا کرناپڑ رہی ہے جو سالانہ کھربوں ڈالر ہے،دنیا کو حقیقت سے آگاہی کے لمحے کا سامنا ہے، آئیے سب یکجہتی اور ہمدردی کے جذبے کےساتھ چیلنج کا مقابلہ کرنے کا عہد کریں۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ پہنچ گئے ،2 روز قیام کریں گے،وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات بھی کرینگے، ذرائع کے مطابق ملاقات میں وطن واپسی، آئندہ انتخابات و دیگر اہم امور پر مشاورت متوقع ہے۔