جدید پیشہ ور افرادی قوت پاک بحریہ کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے: ایڈمرل امجد خان نیازی

لاہور (نمائندہ خصوصی)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 52 ویں سٹاف کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔ خطاب کےلئے آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے جدید دور کے چیلنجز اور دنیا میں رونما ہوتی تکنیکی تبدیلیوں پرسیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے عسکری تربیت کو جغرافیائی اور جدید تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پیشہ ور افرادی قوت یقینی بنائی جاسکے، جو پاک بحریہ کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ امیرالبحر نے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں اوراسلامی اقدار کے مطابق کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔ قبل ازیں پاکستان نیوی وار کالج کے کورس ممبران نے نیول چیف کو پیشہ ورانہ عسکری تحقیق اور جدید تقاضوں پرایک تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ نیول چیف نے کورس کے شرکا کی تحقیق کو سراہا اور مختلف النوع چیلنجز سے نبردآزما ہونے کےلئے افسران کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں پاکستان نیوی وار کالج کے کردار کی تعریف کی۔ دورے کے دوران نیول چیف نے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ وارگیمنگ سیمولیٹر کا بھی افتتاح کیا۔ یہ سیمولیٹر انتہائی خطرات کے ماحول میں مختلف جنگی حکمت عملیوں کی توثیق اور افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرےگا۔ یہ سیمولیٹر میری ٹائم کمپلیکس کی جانب سے مقامی طور پر تیار کیا گیاہے۔ پاکستان نیوی میں عسکری تعلیم کےلئے پاکستان نیوی وار کالج لاہور سب سے بڑا ادارہ ہے۔ پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکا میں افواجِ پاکستان سمیت دوست ممالک کے افسران شامل ہیں۔