معاشی بحالی پلان پر پیشرفت، ایپکس، ایگزیکٹو اور عملدرآمد کمیٹیاں قائم

اسلام آباد/ پیرس (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) معاشی بحالی پلان پر پیشرفت، وزیراعظم شہبازشریف نے ایپکس، ایگزیکٹو اور عملدرآمد کمیٹیاں قائم کردیں، ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی کریں گے جبکہ امپلی منٹیشن کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی کریں گے، ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہر 3 ماہ بعد ہوا کرےگا، ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ، امپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس 15 دن بعد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کی امپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا۔

امپلی منٹیشن کمیٹی بیرونی سرمایہ کاری پر روڈ میپ تیار کرےگی، گلف ممالک کےساتھ سرمایہ کاری کے جاری منصوبوں پر غور کیا جائےگا، امپلی منٹیشن کمیٹی آئل ریفائنری پالیسی پر سفارشات مرتب، ائرپورٹس میں بیرونی سرمایہ کاری کے امور پر بھی غور کرےگی، کمیٹی فوری نوعیت کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر روڈ میپ تیار کرےگی، ذرائع کے مطابق امپلی منٹیشن کمیٹی ترجیحی منصوبوں کی شارٹ لسٹ بھی کرےگی، منصوبوں میں گرین فیلڈ آئل ریفائنری لگانے پرغور ہوگا، وفاقی حکومت کو منصوبے کے تحت 5 سال میں 100 بلین ڈالر سرمایہ کاری کی اُمید ہے، تمام کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن، ٹی او آروز بھی جاری کردیئے گئے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا اندرونی و بیرونی عوامل کی وجہ سے پیدا ہونےوالے معاشی چیلنجوں کے پیش نظر پاکستان کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل جیسے نمائندہ فورم کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی، معاشی پالیسیاں وضع کرنے، دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کےلئے سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، کونسل کا فوری ہدف بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانا ہے، کونسل معاشی ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات کو آگے بڑھانے کےلئے فیصلہ سازی کے اعلیٰ فورم کے طور پر کام کرےگی۔

شہبازشریف نے کہا ملک کو معاشی چیلنجوں سے نکال کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، کونسل معاشی بحالی کےلئے پالیسی میں رہنمائی، تسلسل و موثر نفاذ کو یقینی بنائےگی۔ فورم آئی ٹی، زراعت، توانائی، معدنیات وکان کنی، دفاعی پیداوار جیسے اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا،دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنا کونسل کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے، ہمہ پہلومسائل سے نمٹنے کےلئے نصابی کتاب کا طریقہ کار اب قابل عمل نہیں، معیشت کو خود انحصاری، برآمدات پر مبنی و مضبوط، بیرونی جھٹکوں اور ہلچل کو برداشت کرنے کے قابل بنانے کےلئے اجتماعی حکمت سے فائدہ اٹھانے کی اور بھی زیادہ ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا مسائل کا حل تخلیقی خیالات میں مضمر ہے۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ابتدائی تعلیم شخصیت کی تعمیر، بچوں کے کیریئر کےلئے اہم ہے، پاکستان لرننگ کانفرنس بہترین عالمی طریقوں کے مطابق بچوں کو بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا بچے اپنے تعلیمی سفر کے ابتدائی مرحلے میں سماجی طرزعمل کے بنیادی اصولوں، اقدار کو اپناتے ہیں، کانفرنس میں شرکت کرنے اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے سکالرز، پالیسی سازوں کے مختلف نقطہ نظر کو سننے کا بہت خواہشمند تھا لیکن پیرس میں عالمی مالیاتی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی وجہ سے ایسا نہیں کرسکوں گا تاہم کانفرنس کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پرفرانس پہنچ گئے، (ن) لیگ فرانس کے سیکرٹری جنرل رانا محمود علی خان و دیگر حکام نے استقبال کیا، دورہ فرانس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ گلوبل فنانسنگ پیکٹ سربراہی اجلاس پائیدار ترقی، توانائی کے متبادل و قابل تجدید ذرائع، ماحولیات کا فورم ثابت ہوگا، اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مستقبل میں عالمی مالیاتی نظام میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف سربراہی اجلاس میں پاکستان کے جی 77 میں اہم رکن اور ملک کے سربراہ کے طور پر خطاب کریں گے۔ دورہ فرانس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف پیرس میں عالمی رہنماوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پیرس روانگی سے قبل اپنے بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہادورہ فرانس میں انسانیت کو درپیش عصری چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے عالمی مالیاتی اداروں کی تنظیم نو کی ضرورت پر پاکستان کا موقف رکھوں گا، عالمی مالیاتی ڈھانچے کی اصلاحات طویل عرصہ سے اہم مطالبہ رہا ہے، نظام کو نمائندہ و مساوی بنانے کےلئے نظرثانی کی ضرورت ہے، شہبازشریف نے کہا موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، ماحولیات، قرضوں کی بڑھتی سطح و توانائی کی منتقلی جیسے چیلنجوں کی سنگین نوعیت نے خطرے کی گھنٹی بجائی، مسائل کی عالمگیریت نے عالمی مالیاتی نظام کو نمائندہ، مساوی بنانے کےلئے نظر ثانی کرنے کےلئے تخلیقی نقطہ نظر کی ضرورت کو جنم دیا، فرانس میں نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ دنیا کےلئے منفرد موقع کی نمائندگی کرتا ہے وہ اکٹھے ہوں اور بین الاقوامی مالیاتی نظام کی جامع اصلاحات کےلئے درکار وسیع اصولوں و اقدامات پر متفق ہوں۔