حکومتی اتحادی نہیں بنیں گے، آئندہ ہفتے کھڑکی توڑ انٹریاں ہوں گی،استحکام پاکستان پارٹی

لاہور(خبر نگار)حکومتی اتحادی نہیں بنیں گے، آئندہ ہفتے کھڑکی توڑ انٹریاں ہوں گی، اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے ملکی مفادات کا تحفظ کرینگے،ان خیالات کااظہارسیکرٹری اطلاعات استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا160 کی سپیڈ پر گاڑی چلانے والے وینٹی لیٹر پر چلے گئے، سیاست میں ہر بال پر چھکا نہیں مارا جاتا بلکہ بال ٹو بال کھیلیں گے، جنہوں نے ’کلاں ہی کافی آں کا نعرہ لگایا کا حال سب نے دیکھ لیا۔

سیکرٹری اطلاعات استحکام پاکستان پارٹی نے کہا عوام کےساتھ ملک کو مستحکم اور مسائل حل کرنا ترجیح ہے، عوام کیلئے امید اور روشنی کی کرن پیدا کرنی ہے، جماعت نفرتوں کا خاتمہ کرنے آئی ،عوامی مسائل و مشکلات کے حل کا لائحہ عمل بنایا جائے گا، استحکام پارٹی ملک میں شدت پسندی کو ختم کرنے کیلئے کام کرے گی، معاشی و سیاسی محاذ پر جاری عدم استحکام کے خاتمے کیلئے کام کریں گے،لوگ مسائل کو لےکر تنقید تو کرتے ہیں مگر حل نہیں بتاتے، استحکام پارٹی چند دنوں میں باضابطہ اپنا منشور دے گی، حکومت کےساتھ تو پہلے ہی 13 جماعتیں موجود ہیں، نئی جماعت کو حکومت کی اتحادی بننے کی ضرورت نہیں، استحکام پارٹی عوام کی ترجمانی کرے گی۔