اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے حکومتی اقدامات و فلم انڈسٹری کو دی جانے والی مراعات سے توقع ہے آئندہ 10سال میں شعبہ ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں ہوگا،فلم سازی کو ٹیکس استثنیٰ سے صنعت بحال ہوگی، متوسط طبقے کی تفریح کےلئے سینما گھر اپنے ٹکٹ کے نرخ کم کریں، سکرین ٹورازم پاکستان کے مثبت تاثر، ثقافت اور بیانیہ کو اجاگر کرنے کا موثر ذریعہ ہے، حکومت نے 2ارب کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا ،فلم سازی، دستاویزی فلموں اور ڈرامہ سازی پر فنڈنگ کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے آسٹریلیا روانہ ہونے والے نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے 25ہائی اچیورز طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا1970سے 2000کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی رکی رہی،2000کے بعد فلم انڈسٹری میں ترقی کا سفر شروع ہوا، بڑے میڈیا ہاوسز نے انفرادی طور پر فلمیں تیار کیں جس سے فلم انڈسٹری بحال ہونا شروع ہوئی لیکن سینما گھر نہ ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں مزید ترقی نہیں ہو رہی۔
وزیراطلاعات نے کہاملٹی سکرین سینماز مہنگے ہونے کی وجہ سے عام عوام و متوسط طبقے کا فلم دیکھنا چیلنج بن چکا اب پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زیرو ٹیکس ہے، فلم تیار کرنے والوں کی آمدن پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، آلات کی درآمد، فلم میکنگ، سینما، پروڈکشن آلات کی درآمد پر ٹیکس زیرو ہے،کارپوریٹ سیکٹر فلم کیلئے رقوم فراہم کرے گا تو ٹیکس کریڈٹ لیا جا سکتا ہے، فلم میکنگ کے اندر کنٹری بیوشن یا فنڈ فراہم کرنے پر بھی ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہاموجودہ حکومت نے فلم کے شعبے میں بہت سی مراعات دیں،حکومت فلم، ڈاکومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی، سینما گھروں کو 10سال کےلئے ٹیکس فری کیا گیا ،سینما گھروں کی آمدن پر بھی کوئی ٹیکس نہیں لگایا ، سینما کی آمدن پر بھی مکمل طور پر ٹیکس استثنیٰ ہوگا،نوجوانوں، طلبا و پروفیشنلز کے پاس بڑے امکانات ہیں، بیرون ملک جانے والے طلبا واپسی پر موجود فریم ورک سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور انفارمیشن سروس اکیڈمی کے اندر ٹریننگ ہو رہی ہے،نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے 25ہائی اچیورز طلبانیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ میں شرکت کےلئے آسٹریلیا چلے گئے ، طلبا کو وزارت اطلاعات و نشریات نے سپانسر کیا ۔
فلم سازی کو ٹیکس استثنیٰ سے صنعت بحال ہوگی،مریم اورنگزیب



















