ملتان میں انڈسٹریل سٹیٹ کےلئے مزید اراضی مختص کی جائےگی: ایس ایم تنویر/ بلال افضل
ملتان (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویراورصوبائی وزیر ایکسائزو ٹیکسیشن بلال افضل کی زیر صدارت کمشنر آفس ملتان میں اجلاس منعقد ہوا جس میں دستکاروں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ملتانی بلیو پاٹری، سرامکس ،کاشی گری، بلڈنگ کرافٹ، آرٹ اینڈ کرافٹ اور دستکاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک ،ایڈیشنل کمشنر ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اورنامور آرٹسٹ واجد علی اور دیگر دستکار موجود تھے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کام کیلئے دستکاروں کو جگہ کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آرٹسٹوں کے معاشی حالات کو بہتر کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹسٹس ہمارا اثاثہ ہیں۔ دستکاروں کی پروڈکٹس کی مارکیٹنگ کی جائےگی۔ کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے بتایا کہ ملتانی بلیو پاٹری کیلئے ڈسپلے سنٹر بنایا جائےگا۔ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز کارپوریشن مس عمارہ کی تفصیلی بریفنگ ۔ اجلاس میں ملتانی بلیو پاٹری کے بارے میں دستاویزی فلم میں دکھائی گئی۔بعدازاں صوبائی وزراءایس ایم تنویر اور بلال افضل نے ایوان صنعت وتجارت ملتان کا دورہ کیا ۔ صوبائی وزراءکی زیر صدارت ایوان صنعت وتجارت میںاجلاس منعقدہوا۔ صنعتکاروں اور تاجروں نے صنعت وتجارت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں راشد اقبال اور صنعتکاروں و تاجروںنے اجلاس میںشرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت کی صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل یقین دہانی کروائی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سولر سسٹم کے ذریعے توانائی کے حصول کو فروغ دیا جائےگا۔ کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ حاصل کر لیاگیا ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی کھاد اور جعلی زرعی ادویات کےخلاف سخت الیکشن لئے جارہے ہیں۔ ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کےلئے مزید اراضی مختص کی جائےگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی ترقی سے ہی معیشت مستحکم ہو گی۔ صنعتکاروں اور تاجروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر ایکسائز وٹیکسیشن بلال افضل نے کہا کہ ٹیکسیشن کے حوالے سے صنعت کاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے۔ تاجروں کیلئے ٹیکسیشن کے نظام میں آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ویز کی مرمت کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر مرمت کی جا رہی ہے۔ بلال افضل نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں 16 سڑکوں کی مرمت کی جائے گی۔



















