کوئٹہ (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وفاقی بجٹ سیشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے بی این پی وفاقی بجٹ سیشن کا حصہ نہیں بنے گی،بائیکاٹ کی وجہ وفاقی حکومت کی بلوچستان کےلئے سرد مہری ہے، صوبے کے مالی مسائل کی بنیادی وجہ وفاق کا عدم تعاون ہے،یقین دہانیوں کے باوجود آئینی حق نہیں دیا جارہا،جائز آئینی موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، حقوق کے حصول سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وفاق میں حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر و وزیراعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بلوچستان عوامی پارٹی وفاقی بجٹ سیشن کا حصہ نہیں بنے گی، اپنے اراکین قومی اسمبلی و سینٹ کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی ہدایات جاری کردیں، پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے رکن قومی اسمبلی و سینٹ کےخلاف انضباطی کارروائی کر کے ڈی سیٹ کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہااین ای سی اجلاس کا بائیکاٹ بھی مرکزی حکومت کے رویئے کی وجہ سے کیا تھا،وفاقی حکومت سے کوئی پر خاش نہیں، اختلاف کی وجہ اصولی ہے، صوبہ شدید مالی مسائل کا شکار ہے،بلوچستان کی ترقی و پسماندگی دور کرنے کےلئے اسلام آباد میں بیٹھ کر صرف باتیں کی جاتی ہیںجبکہ صوبے کے زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں، عملی اقدامات کی ضرورت ہے، آصف زردای، فضل الرحمن، سردار اختر مینگل اور صوبے کے دیگر قومی لیڈروں سے درخواست ہے صوبے کے موقف کو تقویت دیں۔
بجٹ سیشن کے بائیکاٹ کااعلان،حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان



















