عوامی مفاد مقدم، ترقیاتی سکیموں میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جائے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کا جائزہ اجلاس، سست روی کا شکار سکیموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت، کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال ڈویژن میں جاری سالانہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کےلئے ایک خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیاز احمد خان کھچی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت اور ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈیلپمنٹ اکرم وٹو اور عمران خان سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سست روی کا شکار سکیموں کا تفصیل سے جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان میں درپیش رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے جس کےلئے محکمے اپنے باہمی تعاون کو بہتر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ اگلے مالی سال میں جاری سکیموں کےلئے فنڈز جولائی میں ہی مہیا کر دیے جائیں گے اسلئے سکیموں پر پوری رفتار سے کام جاری رکھا جائے تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر سکیم کا مسلسل معائنہ جاری رکھا جائے اور کام کی کوالٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان سے تادیر فوائد مل سکیں۔ انہوں نے 2ہفتوں کے بعد تمام سکیموں کا دوبارہ جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت167سکیموں پر کام جاری ہے جن کی کل لاگت کا تخمینہ52ارب روپے سے زائد ہے اور موجودہ مالی سال کے دوران ان پر اب تک 10ارب69کروڑ60لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں جن میں 121جاری اور60نئی سکیمیں شامل ہیں۔ بعدازاں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کپاس کے کاشتکاروں کو فصل کی حفاظت کےلئے ملاوٹ سے پاک زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ پوری توجہ زرعی ادویات کی کوالٹی برقرار رکھنے پر مرکوز رکھیں تاکہ کسانوں کو خالص ادویات فراہم کی جا سکیں اور کپاس کی فصل کی حفاظت ممکن ہو۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کپاس کی فصل کی صورتحال کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ زراعت، پراسیکیوشن اور پولیس کے ضلعی افسران، کاشتکارساجد احمد بھٹی، عامر حیات بھنڈارا اور فرٹیلائزر ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر چوہدری منیر احمد نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنے پر کسانوں کو مبارکباد دی اور محکمہ پیسٹ وارننگ کے ضلعی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ کسانوں سے قریبی رابطہ رکھیں۔ ساجد احمد بھٹی نے اجلاس میں کپاس کی فصل پر سبز تیلہ کے حملے کے خطرے کا اظہار کیا۔ عامر حیات بھنڈارا نے فصلوں کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے میں معیاری ادویات کے ساتھ ساتھ بیج کے معیاری ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ چوہدری منیر احمد نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں کھادوں کی کوئی کمی نہیں اور کہیں سے بھی کھاد کی کوالٹی کی کوئی شکایت نہیں۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق نے کپاس کی پیداواری صلاحیت کا موازنہ دوسرے ہمسایہ ملکوں سے کرتے ہوئے پیداوار بڑھانے کے لئے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔قبل ازےں اپنے دفتر مےں پسپ پروگرام اور مےونسپل کارپورےشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا آڑاتلہ روڈ پر ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی کی طرف سے سڑک کنارے لگائے گئے درخت اکھاڑنے پر سخت اظہار ناراضگی، سوسائٹی کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت، کسی شخص یا ادارے کو درخت کاٹنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، کمشنر ساہیوال۔ انہوں نے چیف آفیسر ضلع کونسل کو سختی سے ہدایت کی کہ درخت اکھاڑنے والی نجی ہاوسنگ سوسائٹی سٹار آرکیڈ کے خلاف قانونی کاروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو میاں ندیم ارشد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ کے سٹی مینجرمحمد اسجد خان سمیت تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے نہر لوئر باری دوآب کے کناروں پر تجاوزات قائم کرنے کا بھی نوٹس لیا اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ محکمہ اریگیشن کے ساتھ مل کر ان تجاوزات کے خلاف کاروائی کریں۔ اجلاس میں سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر 46انچ سیوریج پائپ بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور 5اور6جون کو بالترتیب 11اور10پائپ ڈالے گئے۔