امریکی فوجی امداد رکوانے کی سازش سانحہ9مئی کی کڑی ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے امریکی فوجی امداد رکوانے کی سازش سانحہ9مئی کی کڑی ہے ،پاک فوج کی قیادت اور شہدا کےخلاف بیرون ملک غلیظ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ،دشمن ایجنڈے اور آلہ کاروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ،ملکی معاشی، دفاعی اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانا پی ٹی آئی کا مشن ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہاتاریخ گواہ ہے کوئی غدار، سازشی و فارن ایجنٹ اپنے جھوٹ ، فریب ، دھوکے ، پروپیگنڈے سے ہر مرتبہ اور ہر کسی کو ہر وقت بے وقوف نہیں بنا سکتا،امریکی فوجی امداد رکوانا پاکستان دشمن ایجنڈے کا 9 مئی ہے ،سازش سانحہ9مئی کی کڑی ہے ،اربوں کی فارن فنڈنگ اسی مشن کےلئے کی گئی ،فارن فنڈنگ سے ملک کے اندر و باہر میڈیا مہم چلائی گئی،فارن فنڈنگ سے سوشل میڈیا نیٹ ورک بنایا گیا جس کے ذریعے پاکستان کے آئینی و دفاعی اداروں، قیادت کےخلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاعوام سیاست ،ملک دشمنی میں فرق پہچان چکے ،سائفر اور 9 مئی ایک ہی سازش کے 2 مرحلے ہیں،سائفر کے نام پر امریکہ کےخلاف پروپیگنڈہ اور 9 مئی کے بعد امریکہ سے مدد کی بھیک، عوام سب جانتے ہےں ،آئی ایم ایف پروگرام کی سخت شرائط اور پھر پی ٹی آئی کی طرف سے خلاف ورزی ایجنڈے کا حصہ تھا تاکہ پاکستان کو اہم قومی مفادات پر جھکنے پر مجبور کیا جا سکے ،منظم سازشی ایجنڈے پر عمل درآمد کےلئے کٹھ پتلی کو اقتدار میں مسلط کیاگیا ،سی پیک کو روکا، کشمیر کاسودا کیا، دہشت گردوں کو پناہ دی اب ملٹری ایڈ رکوانے کے مشن پر ہے اسی ایجنڈے کے تحت پاکستان کے قریبی، بااعتماد اور ہمیشہ کام آنے والے دوست ممالک کو ناراض کیا گیا ،بیرونی میڈیا میں جاری نام نہاد انسانی حقوق کی مہم بھی مذموم ایجنڈے کا تسلسل ہے تاکہ پاکستان کی عالمی امداد رکوائی جائے۔