لاہور (خبرنگار) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے ساﺅتھ ریجن میں نئی 108 کلومیٹر طویل 220 کے وی گدو شکار پور ٹرانسمیشن لائن کو مکمل کر کے انرجائز کر دیا ہے۔اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل پاکستان کے جنوبی علاقوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ گدو -شکار پور ٹرانسمیشن لائن کو 13,108,994 امریکی ڈالربمعہ 1,630,460,035 روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے آپریشنل مسائل اور ترسیلی نظام میں رکاوٹوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی جو پرانی ٹرانسمیشن لائن کی وجہ سے حائل ہو رہی تھیں۔ یہ اہم ترین منصوبہ گدو -شکار پور کے درمیان کنکشن کو مستحکم کرےگا جس سے بجلی کے ترسیلی نظام میں مزید استحکام آئےگا۔ قبل ازیں یہاں 220 کے وی گدو -سبی سنگل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کام کر رہی تھی جو 1977 میں تعمیر کی گئی تھی، اس کے آر سی سی اور سٹیل ٹاورز کمزور ہوچکے تھے۔ اپنی تعمیر سے اب تک 40 سال کے عرصے کے دوران اس ٹرانسمیشن لائن کو کم استعداد کے باعث متعدد بار اُچ پاور پلانٹ سے بجلی کی ترسیل میں آپریشنل چیلنجز کا سامنا رہا۔بجلی کی ترسیل کرنے والے سب سے بڑے ادارے کے طور پر، این ٹی ڈی سی نے اس منصوبے کو ملک کے بجلی کی ترسیل کے ڈھانچے میں بہتری لانے کے اپنے عزم کے ایک حصے کے طور پر لیا۔ اہم ترین منصوبوں کی اپ گریڈیشن میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے، این ٹی ڈی سی ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور صنعتوں اور گھریلو صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ترسیلی نظام کو مستحکم کر رہی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے فنڈز کی فراہمی نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ این ٹی ڈی سی اور اے ڈی بی کی شراکت داری پائیدار ترقی اور پاکستان کے توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئے انکے عزم کی ایک مثال ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے اس اہم ترین منصوبے کی تکمیل کیلئے پراجیکٹ ڈیلیوری ساو¿تھ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
این ٹی ڈی سی: 220 کے وی گدوشکار پور ٹرانسمیشن لائن مکمل،انرجائز کر دیاگیا

















