خدارا ملک کو چلنے دیں،لوگوں کے حقوق پامال نہ کریں،لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر)ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 70 کارکنوں کی نظربندی معطل کردی،دوران سماعت جسٹس انوارالحق پنوں نے ریمارکس دیئے خدارا ملک کو چلنے دیں، ایک بندہ ضمانت کروا کر باہر نکلتا ہے آپ گرفتار کرلیتے ہیں، لوگوں کے حقوق پامال نہ کریں اب کوئی جلوس نکل رہا ہے نہ کوئی جلسہ ہے، لوگوں کو جانے دیں، گھروں میں جاکر کھانا کھائیں۔

جسٹس انوار الحق پنوں نے مزید کہا اگر کسی نے جلاو گھیراو کیا تو آپ مقدمہ درج کریں نظر بند کیوں کررہے ہیں؟ اگر کسی نے جناح ہاوس پر حملہ کیا تو ہم کیا کہیں اس کو؟ وکلا اپنے کلائنٹ کو کہیں آئندہ ایسے واقعات کا حصہ نہ بنیں،عدالت نے ڈی سی لاہور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا نظر بندی کےلئے شواہد ہونا ضروری ہیں، لوگوں کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، آئین شہریوں کی آزادی و زندگی کا تحفظ کرتا ہے، بغیر شواہد شہریوں کی نظر بندی خلاف قانون ہے، صرف ڈی پی او کی رپورٹ پر کسی کو شر پسند کہہ کر نظر بند کرنا کہاں کا قانون ہے۔