اسلامی ترقیاتی بینک کے رکن ممالک کےساتھ 5.4 ارب ریال کے 77 معاہدے

جدہ (مشرق نیوز) اسلامی ترقیاتی بینک نے عالمی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے جدہ میں اپنے سالانہ اجلاس کے اختتام پر 24 رکن ممالک کے ساتھ 5.4 ارب ریال کے 77 مالیاتی معاہدوں پر دستخط کئے۔سعودی نشریاتی ادارے نے بینک کے چیئرمین محمد الجاسر کی میڈیا بریفنگ کے حوالے سے بتایا کہ پائیدار ترقی کے میدان میں 588 ملین ڈالر سے زیادہ کے چھ منصوبوں کی مالی اعانت کیلئے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے ۔ان میں صحت، زراعت، فوڈ سکیورٹی، نقل و حمل، توانائی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، تعلیم اور انسانی امداد سمیت مختلف شعبوں کا فروغ شامل ہے۔الجاسر نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے لائف اینڈ لائیولی ہڈز فنڈ کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا ہے کیونکہ بینک نرم قرضوں کی مد میں 325 ملین ڈالر فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔