مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام 6 دہشتگرد ہلاک، 6جوانوں سمیت 7شہید

راولپنڈی،اسلام آباد (بیورورپورٹ)مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا، تمام 6 دہشتگرد ہلاک، 6جوانوں سمیت 7افراد شہید ہوگئے ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کلیئرنس آپریشن 12مئی کی شام دہشتگردوں کے ابتدائی حملے کو پسپا کرنے کے بعد شروع ہوا ، آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک اور6جوانوں سمیت 7افراد شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن میں کمپاونڈ میں موجود تمام 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ، پیچیدہ کلیئرنس آپریشن میں یرغمالیوں،ایک رہائشی عمارت سے 3 خاندانوں کو بچانا بھی شامل تھا، دہشتگردوں نے خوفناک حملے سے بچوں کو بھی نہیں بخشا۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے 6جوانوں اور شہری کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا مسلح افواج دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں ،پوری قوم سکیورٹی فورسز کےساتھ کھڑی ہے ۔