مقبوضہ کشمیر پر یکطرفہ فیصلوں سے بھارت نے تعلقات کو نقصان پہنچایا:بلاول بھٹو

گوا (مشرق نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر یک طرفہ فیصلے کرکے بھارت نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو نقصان پہنچایا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جہاں تک شنگھائی تاون تنظیم کی بات ہے تو اس میں ہم بھرپور شرکت کررہے ہیں۔ میں نے یہاں تمام وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ہے، سوائے ایک کے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک بھارت اور پاکستان کے تعلقات ہیں، یہ کہنا ٹھیک ہوگا کہ پیپلز پارٹی کا اصولی مو¿قف ہمیشہ رہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر یکطرفہ فیصلے کرکے بھارت نے تعلقات کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور صدر زرداری نے اپنی طور پر کوششیں کیں کہ بھارت کے ساتھ تعلقات نارملائز رہیں، تاہم اگست 2019 کے بعد سے صورتحال یکسر برعکس ہے۔ بھارت نے اس موقع پر نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی بلکہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے غیر ذمے دارانہ اقدامات سے ایسے حالات پیدا کردیے ہیں کہ وہ جماعتیں مثلاً پاکستان پیپلز پارٹی جو ہمیشہ سے تعلقات معمول پر لانے کی خواہش مند رہی ہے، اب ہمارے لیے بھی یہ سپیس ختم ہو چکا ہے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کا اصولی مو¿قف ہے کہ اگر بھارت 4 اگست 2019 کی صورتحال پر واپس چلا جاتا ہے اور ایسا ماحول پیدا ہو جاتا ہے کہ جس میں بات چیت ہو سکے تو یہ مثبت پیش رفت ہوگی۔