میانوالی؛ پولیس مقابلے میں 2 سگے بھائیوں سمیت 3 راہگیر جاں بحق

میانوالی (بیورو رپورٹ) میانوالی میں پولیس مقابلے میں 3 راہگیر جاں بحق جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بانگی خیل کے علاقے ساتو خیل میں پولیس اور اشتہاریوں کے درمیان فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں سمیت 3 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔گزشتہ رات ایس ایچ او تھانہ بانگی خیل اور انکی ٹیم نے ایلیٹ فورس کے ساتھ اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی میں مطلوب چار ملزمان ذیشان، شیراز، شکیل، بلال کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 راہگیر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔چاروں ملزمان رات کی تاریکی اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور مزید قانونی کارروائی کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال کالا باغ منتقل کردیا گیا۔