محکمہ ایکسائز کے اعلیٰ افسران کی ناقص حکمت عملی، ادارے کا مالی ہدف خطرے میں
لاہور (علی جنید) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول میں اعلیٰ افسران کی ناقص حکمت عملی کے باعث محکمہ خزانہ پنجاب کا ادارے کو دیا گیا مالی ہدف خطرہ میں پڑ گیا ہے جس کی بنیادی وجہ ای ٹی اوز کی ٹرانسفر پوسٹنگ بتائی جاتی ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں تعیناتیوں کےلئے لاکھوں روپے بطور رشوت وصولی کے عوامل بھی سامنے آئے ہیں اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز محمد علی سے بات کرنے کےلئے رابطہ کیا گیا جس پر انہوں نے مصروفیت کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب میں 8 اپریل کو ابتدائی طور پر 81 ای ٹی اوز کے تبادلے کئے گئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ یکے بعد دیگرے مزید تبادلے بھی کئے گئے جو کہ قریب 90 ای ٹی اوز ہیں جس پر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن پنجاب محمد علی نے تبادلوں کے تمام معاملات اس وقت کی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز ثوبیہ مالک کے سپرد کئے جنہوں نے مبینہ طور پر ڈائریکٹر جنرل کی ناک تلے ڈی جی آفس میں تعینات آفس سپرنٹنڈنٹ عمران ، آڈٹ کلرک تبسم وغیرہ کی مدد سے بعض ای ٹی اوز سے ٹرانسفر پوسٹنگ پرکشش سیٹوں پر تعیناتی کےلئے لاکھوں روپے وصول کئے جبکہ دوسری جانب ڈائریکٹر ثوبیہ مالک نے ڈائریکٹر جنرل کو جو تبادلوں کی لسٹیں تیار کر کے دیں ان میں متعدد غلطیاں کی گئی ہیں جس کا اندازہ اب ڈی جی محمد علی کو محسوس ہوا ہے ، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں اس وقت تبادلے کئے گئے جب مالی سال ختم ہونے کے قریب ہے اور اس سلسلے میں خزانہ پنجاب کی جانب سے ایکسائز پنجاب کو دیا گیا ہدف مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ٹرانسفر پوسٹنگ سے ریونیو ہدف کی جانچ میں مشکلات کا سامنا ہے اور جس سے معلوم ہوتا ہے کہ غلط ترین حکمت عملی کا مظاہرہ کیا گیا ہے یہاں یہ امر بھی قابل غور ہے کہ جس تاریخ کو پنجاب بھر ای ٹی اوز کے تبادلے کئے گئے وہاں اسی تاریخ 8 اپریل کو ہی 16 ڈائریکٹرز کے بھی تبادلے کئے گئے تھے۔

















